• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

والدین بچیوں کی اعلیٰ تعلیم کا اہتمام کریں، عبدالمجید ندیم

بر منگھم( پ ر) لڑکیوں کی تعلیم اور تربیت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ایک پڑھی لکھی عورت ہی ایک مضبوط خاندانی نظام کی تشکیل کر سکتی ہے۔وقت آگیا ہے کہ والدین اپنی بچیوں کی اعلیٰ تعلیم کا اہتمام کریں۔ تعلیم، تربیت اور وراثت کے حوالے سے لڑکوں اور لڑکیوں میں تفاوت دینی ، معاشرتی اور سماجی لحاظ سے سو فی صد غلط ہے۔ان خیالات کا اظہار تحریکِ کشمیر بر طا نیہ کے نائب صدر مفتی عبدا لمجید ندیم نے ہینڈز ورتھ اسلا مک سنٹر میں ہفتہ وار پروگرام سے خصوصی خطا ب کرتے ہو ئے کیا۔ انہوں نے کہا ’’زمانہ تیزی سے بدل رہا ہے لیکن بعض والدین کی سوچ اب بھی دقیانوسی ہے۔بہت سے مسلمان گھروں میں اب بھی لڑکیوں کو دوسرے درجے کا فرد قرار دے کر غیر منصفانہ سلوک کیا جارہا ہے۔انہیں نہ تو تعلیم کا صحیح حق دیا جارہا ہے اور نہ ہی ترقی کرنے کے مواقع فراہم کیے جارہے ہیں جس کی وجہ سے بہت سی ذہین و فطین بچیاں گھر کی چار دیواری تک محدود ہو کر رہ گئی ہیں۔حالانکہ دین اسلام کی ہدایات کے مطابق علم حاصل کرنا ہر مسلمان مرد اور ہر مسلمان عورت کے لیے فرض ہے لیکن بہت سے مسلمان والدین اس حقیقت کو شرحِ صدر کے ساتھ قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ مفتی عبدالمجید ندیم کہا ـ’’ وقت آگیا ہے کہ مسلمانوں کی سوچ میں تبدیلی کے لیے ایک مربوط لائحہ عمل تیار کیا جائے۔ علمائے کرام ، پیرانِ عظام اور سیاسی و سماجی رہنما اس حوالے سے انتہائی مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔علمائے کرام کو چاہیے کہ وہ اپنی تقاریر میں اس موضوع کی اہمیت کو قرآن وحدیث کی روشنی میں عوام الناس کے سامنے پیش کریں وہ لوگوں کو بتائیں کہ اسلامی تاریخ ایسی ہزاروں خواتین سے بھری پڑی ہے۔ جنہوں نے تعلیم کے میدان میں کارہائے نما یاں سرانجام دیے۔ ازواج ِ مطہرات، بنات رسول ﷺ اور صحابیاتؓ کی تعلیمی ، رفاہی اور تربیتی مثالیں ہر مسلمان لڑکی کے لیے مشعلِ راہ ہیں، جن کی پیروی دنیا اور آخرت میں کامیابی کی ضامن ہے۔
تازہ ترین