• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مولانا محمد شفیع اوکاڑویؒ سچے عاشق رسولؐ اور مردِ حق تھے، مولانا کوکب نورانی

کراچی (جنگ نیوز)جماعت اہل سنت کے بانی خطیب اعظم حضرت مولانا محمد شفیع اوکاڑویؒ کا 38واں سالانہ دو روزہ مرکزی عرس مبارک جامع مسجد گل زار حبیب ، گلستان اوکاڑوی (سولجر بازار)میں حسب سابق ماہ رجب کی تیسری جمعرات و جمعہ کو مولانا اوکاڑوی اکادمی (العالمی) اور گل زار حبیب ٹرسٹ کے زیراہتمام والہانہ عقیدت و محبت سے منایا گیا ۔اس موقع پر کتابی سلسلہ’’ الخطیب‘‘ کا سالانہ یادگاری مجلہ شائع ہوا ۔ ملک اور بیرون ملک سے علماء و مشائخ اور عقیدت مند حضرات و خواتین کی بڑی تعداد نے عرس مبارک کی تقریبات میں شرکت کی ۔متعدد تنظیموں اور حلقوں کی طرف سے حضرت خطیبِ اعظم کے مرقد مبارک پر چادر پوشی و گُل پاشی کی گئی اور دنیا بھر میں سالانہ عالمی یوم خطیبِ اعظم کے اجتماع ہوئے علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی کے مطابق تمام اہل عقیدت نے مزار شریف پر کپڑوں کی زیادہ چادریں چڑھانے کے بجائے خطیبِ اعظم کے ایصال ثواب کے لئے متعدد مستحق افراد کو پوشاکیں تقسیم کیں۔پیر بیرسٹر سید وسیم الحسن شاہ نقوی حافظ آبادی، مولانا سید عظمت علی شاہ ہمدانی ، پیر میاں مستفیض شرق پوری ، مولانا عاشق حسین سعیدی،مولانا معراج الدین اختر قادری ، حاجی محمد حنیف طیب ، سید رفیق شاہ ، صوفی محمد حسین لاکھانی ، مولانا لیاقت حسین اظہری ، انجینئر سید حماد حسین ، صاحب زادہ فرحت حسن خان نوری اور دیگر کے علاوہ خطیب ملت علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی نے خطاب کیا ۔ مقررین نے اپنے خطبات میں کہا کہ وہ ہستیاں جو اللہ تعالیٰ کی بیش بہا نعمت اور انتخاب ہوتی ہیں حضرت خطیبِ اعظم مولانا محمد شفیع اوکاڑوی ان میں نمایاں تھے اور بلاشبہ عطائے رسولؐ تھے ۔ انہیں قدرت نے جو خصوصیات عطا کی تھیں ان کی بدولت انہیں قلوب و اذہان کی تسخیر کی قوت و صلاحیت بھی ملی تھی وہ ہر بارگاہ ،درس گاہ اور خانقاہ میں محبوب محترم تھے ، وہ سچے عاشق رسولؐ اور مردِ حق تھے اوران کی شخصیت ہمہ صفت اور خدمات ہمہ جہت اور مثالی تھیں، رسول کریم ﷺ کی بارگاہ میں مقبول و محبوب تھے اس لیے سمتوں  میں  انہیں پذیرائی ملی۔مجلس خواتین گُل زار حبیب کی طرف سے آخر میںپھولوں کی چادر چڑھائی گئیں ۔ بغداد شریف ، داتا دربار ، اجمیر شریف اور متعدد درگاہوں میں حضرت خطیبِ اعظم کے ایصال ثواب کے لئے خصوصی فاتحہ خوانی کروائی گئی ،علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی نے اختتامی دعا کی اور اعلان کیا کہ 39واں سالانہ عرس مبارک 18-17فروری 2022کو ہوگا۔

تازہ ترین