• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اپوزیشن کے لوگ جھوٹے ہیں، ہر جگہ شکست دینگے،شبلی فراز، فواد چوہدری، فردوس عاشق، فیاض الحسن چوہان

اپوزیشن جھوٹی ہے ہر جگہ شکست دینگے، حکومت


اسلام آباد، لاہور، سیالکوٹ (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں، نیوزڈیسک) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ پر تنقید کرتے ہوئے حکومتی ترجمانوں کا کہناہے کہ اپوزیشن کے لوگ جھوٹے ہیں انہیں ہر جگہ شکست دینگے، شبلی فرازنے کہا کہ مریم نواز کے الزامات بے بنیاد، اگر ثبوت ہے تو پیش کریں، انکا کہنا تھا کہ سینیٹ میں ہارے تو ٹھیک ہے، اعتماد کا ووٹ ملا تو متنازع؟ انکی حالت ہارے ہوئے جواریوں جیسی ہے، فواد چوہدری نے کہا کہ اعتماد کاووٹ عمران خان کی اخلاقی فتح ہے، فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کو وزیراعلیٰ عثمان بزدار پر مکمل اعتماد ہے، اپوزیشن انہیں ہٹا نہیں سکتی،سیاسی یتیموں کو وزیراعظم کی کامیابی ہضم نہیں ہو رہی ہے۔ پنجاب کے وزیرجیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ بلاول بھٹوکے منہ سے عوام کی بات مضحکہ خیز ہے۔ اتوار کو پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئےوفاقی وزیراطلاعات ونشریات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے قومی اسمبلی سے اعتماد کا بھرپور ووٹ لیا، تحریک انصاف جمہوریت پر یقین رکھتی ہے، وزیراعظم عمران خان اور تحریک انصاف کی سیاست اقدار اور اصولوں پر ہے یہی وجہ ہے کہ جب سینیٹ میں جنرل نشست پر پیسے لگا کر پی ڈی ایم کا امیدوار جیتا تو وزیراعظم عمران خان نے ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینے کا دلیرانہ فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم میں وہ جماعتیںشامل ہیں جنہوں نے اس ملک کی اخلاقی اقدار کو برباد کیا یہ پیسے مفادات، دھونس اور لالچ پر 1985 میں سیاست میں آئے، ان کو کوئی جانتا نہیں تھا۔ انہوں نے سیاست میں رشوت، پیسہ اور مفادات لیکر ایسے گروہ کو پروان چڑھایا جو پاکستان کی جڑوں میں بیٹھ گیا، اداروں کو کھوکھلا کیا، میرٹ کا قتل عام کیا، پیسے کے زور پر انپے اہداف کا حصول ان کا مشن تھا، ان کی حکومتوں میں ملک معاشی، اخلاقی، سماجی اور جمہوری طور پر کنگال ہوا۔ شبلی فراز نے کہا کہ گزشتہ ماہ پی ڈی ایم نے الیکشن کمیشن کے سامنے مظاہرہ کیا، ان کا بیانیہ وقتا فوقتا تبدیل ہوتا رہتا ہے جہاں ان کا مفاد ہو وہاں وہ اسکے حق میں ہوتے ہیں۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ گزشتہ روز پی ڈی ایم رہنمائوں کی پریس کانفرنس ہارے ہوئے جواریوں کی طرح تھی، انکے منہ لٹکے ہوئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات سے ایک روز قبل یوسف رضا گیلانی کے بیٹے ووٹ خراب کرنے کا طریقہ بتا رہے تھے جبکہ اس انتخاب میں پیسہ استعمال کیا اب یہ اسے کامیابی کہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنہوں نے پاکستان کو نقصان پہنچایا انکا پیچھا کرنا ہے، ہم ایسے انتخابات چاہتےہیں کہ جس میں مکمل شفافیت ہو اور یہ کام ہماری حکومت کریگی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ بلاول اور مریم نے گزشتہ روز اپنی پریس کانفرنس میں جو گفتگو کی اس سے لگتا نہیں کہ بلاول آکسفورڈ کے تعلیم یافتہ ہیں، مریم سے تو کوئی توقع نہیں لیکن بلاول کی زبان رانا ثناء والی تھی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصہ سے اپنی دولت بچانے کیلئے جو سیاست شروع کی ہے ان کو ہرجگہ شکست ہوئی ہے، گلگت بلتستان میں انہیں شکست ہوئی،یہ جہاں کہے گی ہم وہاں انہیں شکست دینگے۔ انکا لاہور جلسہ ناکام ہوا، انہوں نے کہا کہ انہوں نے ملک کو ایسا ماحول دیا جہاں شریف آدمی اپنے آپ کو کمزور سمجھتا ہے۔ یہ کلچر عمران خان تبدیل کریگا ایسا مہذب معاشرہ ہوگا جہاں اخلاقیات کا بول بالا ہو۔ علاوہ ازیں ایک انٹرویوشبلی فراز کا کہناتھا کہ مریم نوازکایہ کہنا کہ2ایم این ایز کو کنٹینر میں لے جاکر اعتماد کاووٹ ڈالنے پرمجبورکیاگیابے بنیادہے،مریم نوازاس حوالے سے ثبوت دیں۔ ادھروفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فوادچوہدری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی اخلاقی فتح ثابت کردی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنےبیان میںانہوں نے کہا کہ دیکھتے ہیں اپوزیشن اپنی اخلاقیات کو کس طرح ثابت کرے گی ،وہی اخلاقیات جس کا وعدہ اپوزیشن نے پاکستان کے عوام سے کیاتھا۔دوسری جانب وزیر اعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ نادان اپوزیشن کا ڈس انفارمیشن سیل سوشل میڈیا پرانتشار پھیلا رہا ہے، ممبران اسمبلی نے پارلیمنٹ میں وزیراعظم عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیا ہے اور وزیراعظم کی یہ کامیابی اپوزیشن کو ایک آنکھ نہیں بھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جعلی راجکماری مریم نواز اسلام آباد اور سلطنت رائے ونڈ پر مصنوعی جانشین بنی بیٹھی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سینٹ کی سیٹ پر ٹاس جیتنے والی اپوزیشن کپتان کی بیٹنگ پر بھاگ کھڑی ہوئی178ووٹ لیکر وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی ناک کاٹ دی ہے۔انھوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی تبدیلی کی افواہیں اڑائی جارہی ہیں لیکن اس میں کوئی صداقت نہیں ہے کیونکہ وزیر اعظم عمران خان کا وزیر اعلی عثمان بزدار پر بھر پور اعتماد ہے جبکہ وزیر اعلی عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے پورے پنجاب کے ممبران قومی اسمبلی نے وزیر اعظم کو ووٹ دیا، انھوں نے کہا کہ پاکستان کو ہر محاذ پر سرخرو کریں گے اورپنجاب کے وزیر اعلی عثمان بزدار کی سیٹ پر نقب زنی لگانے والوں کو منہ کی کھانا پڑیگی۔ وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان ننے بلاول اور حمزہ شہباز کی گفتگو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آل شریف و زرداری اپنے اپنے ابو بچانے کی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔ فیاض چوہان نے کہا کہ سندھ میں وڈیرہ اور جاگیرداری کلچر میں پلنے والے بلاول کے منہ سے عوام کی بات مضحکہ خیز ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے سیاست میں اخلاقی اور پارلیمانی اقدار کا اعلیٰ معیار متعارف کروایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی بہترین معاشی پالیسیوں کے باعث ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پی ڈی ایم چاہے ایڑھی چوٹی کا زور لگا لے، وزیراعظم عمران خان کو اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹا سکتا۔

تازہ ترین