• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویک اینڈ پر دو اجتماعات کے بعد گریٹ یرموتھ کا ساحل بند

لندن (پی اے) سی سائیڈ ٹائون کے حصے میں ویک اینڈ پر کورونا وائرس لاک ڈائون رولز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دو اجتماعات کے انعقاد کے بعد گریٹ یرموتھ کے ساحل کو دوسری مرتبہ بند کر دیا گیا۔ نارفوک پولیس کا کہنا ہے کہ ہفتے کی شب انہوں نے گریٹ یرموتھ کی نارتھ ڈرائیو پر بغیر لائسنس منعقد ہونے والے ایک میوزک شو کو بند کر دیا تھا، جسے پولیس نے بے راہ روی قرار دیا۔ ایک اندازے کے مطابق 100 سے زائد افراد اس جگہ جمع تھے، جس کو ایک نوجوان موٹر سائکلیسٹ کی میموریل سمجھا جاتا ہے۔ پولیس نے وہاں سے تین افراد کو گرفتار کیا۔ اتوار کی سہ پہر نارتھ ڈرائیو کو ایک بار پھر بند کر دیا گیا، کیونکہ وہاں ایک اور وجل شروع ہو گئی تھی۔ پولیس کا کہنا ہےکہ پہلا ایونٹ ہفتے کو مقامی وقت 19:00 جی ایم ٹی پر شروع ہوا تھا جب نارتھ ڈرائیو کے یرموتھ سی فرنٹ پر 100 سے زائد افراد جمع ہو گئے تھے۔ ترجمان کا کہنا ہے پولیس نے موقع پر پہنچنے کے بعد اس ایونٹ پر کنٹرول کرتے ہوئے اسے 10 بجے بند کروا دیا۔ تین افراد کو گرفتار کرنے کے علاوہ متعدد جرمانے بھی جاری کئے گئے اور کورونا وائرس کوویڈ 19 لاک ڈائون رولز کی خلاف ورزی کرنے پر وارننگز بھی جاری کی گئیں۔ بی بی سی سمجھتی ہے کہ ہفتہ کی شب کا ایونٹ 17 سالہ لڑکے کی میموریل کے طور پر ہوا تھا جب اس کی ریڈ سوزوکی موٹر سائیکل نارتھ ڈرائیو پر منگل کے روز 03:00 جی ایم ٹی پر لیمپ پوسٹ سے ٹکرا گئی تھی۔ اس ٹین ایجر کو مقامی طور پر ڈومینٹس باکسیٹیس کے نام سے جانا جاتا تھا۔ نارفوک پولیس نے اتوار کے روز تقریباً مقامی وقت 14:00 جی ایم ٹی پر ایک بار پھر نارتھ ڈرائیو بند کردی تھی جب وہاں 100 سے زیادہ افراد جمع ہو گئے تھے۔ ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ خیال کیا جاتا ہے کہ اجتماع نارتھ ڈرائیو پر پیش آنے والے افسوسناک واقعے کے بعد منعقد کیا جا رہا تھا جس میں نوجوان اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔ افسران اس وقت واقعے سے نمٹنے کیلئے موقع پر موجود تھے اور وہاں موجود لوگوں کو یہ وضاحت کرتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کر رہے تھے کہ وہ کورونا وائرس کوویڈ 19 لاک ڈائون رولز پر عمل درآمد کریں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ انفورسمنٹ کو آخری حربے کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ قائم مقام چیف سپریٹنڈنٹ ڈیو بکلے کا کہنا ہےکہ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ لوگ رولز کا احترام کرنا چاہتے ہیں اور انہیں یہ لازمی یاد رکھنا چاہیے کہ ان پابندیوں کا اطلاق کسی وجہ کے باعث کیا گیا ہے اور ہماری یہ ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے اردگرد لوگوں کا تحفظ کریں۔
تازہ ترین