• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان کی خوشبو اہلِ ایمان کی بستیوں میں ماہِ رجب ہی سے آنے لگتی ہے۔ یہ سوچ کر ایک خوش گوار احساس دِل اور روح کو تروتازہ کر دیتا ہے کہ ایک بار پھر روح کی کثافتیں دُور کرنے کا موقع مل جائےگا۔ انسان ،روح اور جسم کا مجموعہ ہے اور دونوں ہی کی اچھی نگہداشت ضروری ہے۔ جسمانی صحت کے لیے اچھی غذا، صاف ہوا اور صحت بخش طرزِ زندگی لازم ہے، جب کہ روح کے مطالبے کچھ اور ہیں کہ روح من جانب اللہ ہے۔ اللہ نے آدم کے وجود میں اپنی روح پھونکی ہے ، اسی لیے خاکی وجود کی روح اپنے رب سے ملنا چاہتی ہے اورعبادات کا نظام روح کی نشوونما کرتا ہے۔ 

نماز، روزہ، تلاوتِ قرآنِ پاک، تہجّد، قیام اللّیل، شب بیداری، رب کے حضور تنہائی میں مناجاتیں اور مغفرت کی دُعائیں انسان کی روحانی ترقّی کا ذریعہ بنتی ہیں۔ ماہِ رمضان زندگی کی عام مصروفیت اور روٹین سے ہٹ کر عبادت اور نفس کے تزکیے کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے، لیکن اس کے لیے خلوصِ نیّت اور مضبوط ارادے کے ساتھ ابتدا سے کچھ اہداف مقرر کرکے اچھی منصوبہ بندی اَزحد ضروری ہے۔ورنہ رمضان کے قیمتی رات دِن بھی کچھ نہیں دے پاتے اور بعد میں افسوس ہی ہوتا ہے ۔ماہِ صیام میں اپنا شیڈول عام دِنوں سے نہ صرف مختلف بنائیں ،اس پر کار بند بھی رہیں۔ 

ملازمت ہو یا گھر، غیر ضروری کاموں کو ایک طرف رکھ دیں کہ ان کی تکمیل کے لیے پوری زندگی پڑی ہے۔ اپنی صحت سے متعلق ایشوز کا جائزہ لیں۔اگر ذیابطیس یا بُلند فشارِ خون میں مبتلا ہوں تو شوگر اور بلڈ پریشر نارمل سطح پر رکھیں۔ ادویہ کی خوراک اور استعمال کے اوقات سے متعلق اپنے معالج سے پہلے ہی سے مشورہ کرلیا جائے۔ کوئی ضروری سرجری یا ٹیسٹ رمضان کے انتظار میں نہ چھوڑیں۔ 

صحت سے متعلقہ مسائل پر توجّہ دینا اس لیے بھی ضروری ہے کہ روزے قضا نہ ہوں۔ روزہ ایک فرض عبادت ہے اور بغیر کسی واقعی شرعی عذر کے اسے چھوڑنا زیب نہیں دیتا۔ صوفیائے کرام اور علمائے دین روح کی پاکیزگی، ترقّی اور نفس کے تزکیے میں روزے کو خاص مقام دیتے ہیں۔یاد رکھیے،ایک بھوکا ، پیاسا جسم ہی خواہشات کی قید سے نکل کر مادّی سے روحانی دُنیا کی بُلندی کا سفر طے کرتا ہے۔

ماہِ رمضان میں خواتین خاص طور پر افطار کے اہتمام میں دوپہر ہی سے مصروف ہوجاتی ہیں، تو خدارا! سموسوں، پکوڑوں اور نت نئے پکوان کی دُنیا سے نکل کر اپنی اور اپنے اہلِ خانہ کی توجّہ عبادات اور وقت کے بہتر استعمال کی طرف مبذول کروائیں۔ اس سلسلے میں رمضان اور روزوں سے متعلق لٹریچر سے فائدہ اُٹھایا جاسکتا ہے۔

کوئی ایک کتاب ذہن کے دریچے کھولنے کے لیے خود بھی پڑھیں، بچّوں کو بھی پڑھائیں اوررمضان کو مبارک مہینہ بنانے والا قرآن ہے کہ قران اِسی مہینے میں نازل ہوا۔ اللہ کے نبی حضرت محمّدﷺ ہر رمضان ایک قرآن حضرت جبرائیل علیہ اسلام کے ساتھ مکمل کیا کرتے تھے، آپ بھی ماہِ رمضان کے شب و روز قرآن کے ساتھ گزاریں،تلاوت کا اہتمام کریں۔ ترجمے اور تفسیر کے لیے کوئی گروپ جوائن کرلیں۔ کسی عالم یا مفّسر کی آڈیو کوئی وقت مقرر کرکے لگالیں، تاکہ گھر کے تمام افراد سُن سکیں۔ فرض نمازیں پہلے سے بہتر کریں۔

رات کے آخری پہر رب کے حضور ایک عاجز بندے کی طرح قلب اور روح کی گہرائی کے ساتھ قیام کریں۔ ممتاز مدرس خرم مُراد فرماتے ہیں،’’آٹھ اور بارہ رکعت نہ پڑھ سکیں، تو دو رکعت ہی خشوع و خضوع کے ساتھ تہجّد کی ضرور ادا کریں۔اپنی پیشانی اپنے معبود کی بارگاہ میں خاک پر رکھ دیں کہ یہ گناہوں کو مٹاتی،درجات بُلند اور رب سے قریب کرتی ہے۔‘‘یاد رکھیں، ماہِ صیام میں روزےدار کی دُعائیں قبول ہوتی ہیں، لہٰذا اپنے اور اپنے پیاروں کے لیے دُنیا و آخرت کی حسنات کی دُعا کریں۔

اس مبارک مہینے کے آغاز ہی سے عبادات کے علاوہ اپنے نفس کا بھی جائزہ لیں۔ اپنی خرابیوں، کم زوریوں کو دُور کرنےکا عہد کریں۔ دِل سے خواہشات کا جھاڑ جھنکار نکال پھینکیں۔ اپنے مالی معاملات اور عزیز و اقارب سے اپنے تعلقات پر نظر ڈالیں کہ حقوق اللہ کے ساتھ حقوق العباد ادا کرنا بھی آخرت میں نجات کے لیے ناگزیر ہے۔بلاشبہ، رمضان نفس کے تزکیے اور روح کی بالیدگی کا مہینہ ہے، لہٰذا اس مہینے کی برکتیں سمیٹنے اور خود کو پہلے سے بہتر انسان بنانے کے لیے خلوصِ نیت سے منصوبہ بندی کریں، ایسی منصوبہ بندی، جو بےشک مختصر ہو، مگر جس پر عمل ممکن ہو سکے ۔

عید الفطرکی خوشیاں اور ماں کا پیار بَھرا رشتہ…

سنڈے میگزین کا سلسلہ ’’ایک پیغام، پیاروں کے نام‘‘ ایک دِل کی آواز، دوسرے دل تک پہنچانے کے ساتھ مختلف مواقع پر کئی خُوب صُورت رشتوں کے دِلی جذبات کی عکّاسی و ترجمانی بھی کرتا ہے۔چوں کہ اِمسال عیدالفطر اور مدزر ڈے ایڈیشنزکی (واضح رہے کہ ہر سال مئی کے دوسرے اتوار کو ’’ماؤں کا عالمی یوم‘‘ منایا جاتا ہے) اشاعت ایک ساتھ ہی ممکن ہوگی، تو آپ سے گزارش ہے کہ اگر آپ اپنے پیاروں کے لیے کوئی بھی پیغام (نثر یا شعر کی صورت) بھیجنا چاہیں، تو ہمیں درج ذیل پتے پر ارسال کردیں۔

ایڈیٹر، سنڈے میگزین، صفحہ’’ایک پیغام، پیاروں کےنام‘‘

(عیدالفطر اورمدرز ڈے ایڈیشن)

روزنامہ جنگ، شعبۂ میگزین ، اخبار منزل، آئی آئی چندریگر روڈ ، کراچی۔

ای میل:۔

sundaymagazine@janggroup.com.pk

یاد رہے، پیغام بھیجنے کی آخری تاریخ18اپریل 2021ء ہے۔

نوٹ: پیغام بہت مختصر اور جامع ہو، تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو اس سلسلے میں شرکت کاموقع مل سکے۔

تازہ ترین