• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وطن وقوم دشمن قوتوں کے سامنے کبھی سرتسلیم خم نہ کیا‘ اے این پی

کوئٹہ (آن لائن )عوامی نیشنل پارٹی ضلع کوئٹہ کے زیر اہتمام پارٹی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات اسد خان اچکزئی شہید کے چہلم کی مناسبت سے ارباب ہاؤس خدائیداد روڈ پر تعزیتی ریفرنس منعقد کیا گیا ،جس سے ضلعی صدر جمال الدین رشتیا، رشید خان ناصر، مالک لالا، عالمگیر خان مندوخیل، عطاء گل ترین ایڈووکیٹ، حاجی شان عالم کاکڑ، عین الدین ترین، ثناء اللہ کاکڑ، سید یاسین آغا، اخلاق بازئی، اصغر باچا، ندیم کاسی اور حبیب ننگیال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید اسد خان اچکزئی انجمن اصلاح الافاغنہ کی سوسالہ جدوجہد کے دوران شہداء کی تاریخ کا حصہ ہیں جنہوں نے پشتونخوا وطن کی ننگ و ناموس کی خاطر جان تو قربان کی لیکن وطن وقوم دشمن قوتوں کے سامنے سر تسلیم خم نہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پارٹی صوبہ بھر میں ایک سیال سیاسی جمہوری نمائندہ قوت کے طور پرہر فورم پر بھرپور حق نمائندگی اداکرتی رہے گی اور کسی سطح پر بھی کارکنوں اور عوام کو مایوس نہیں کیا جائیگا ۔انہوں نے کہا کہ شہید اسد خان اچکزئی کی شہادت ان شہداءکاتسلسل ہے جنہوں نے فکر باچاخان وطن کی ننگ و ناموس اقدار وروایات کلتور کے تحفظ کی خاطر جانوں کے نذرانے پیش کئے لیکن اغیار کے سامنے سر تسلیم خم نہ کیا۔شہداءکی قربانیاں اور جدوجہد ہمارے لئے مشعل راہ ہیں، ایک لمحے بھی اپنے فرائض سے غفلت نہیں برتیں گے ہمیشہ حق کا پرچم بلند رکھیں گے اور اپنے عوام کی حقیقی ترجمانی کرتے رہیں گے ۔انہوں نے کہا کہ شہید اسدخان اچکزئی کی شہادت ناقابل تلافی نقصان ہے مگر ان کی شہادت سے ہمیں نیا حوصلہ ملا ‘عوامی نیشنل پارٹی خدائی خدمت گار تحریک کے تسلسل کے طور پر سوسالہ جدوجہد شہداء کی قربانیوں کی بدولت زندہ و جاوید رکھے ہوئے ہیں ۔اس سے پہلے باچاخان مرکز چمن میں شہید اسد خان اچکزئی سمیت تمام شہداءکے درجات کی بلندی کے لئے قرآن خوانی اور دعائے مغفرت کی گئی اورلنگر تقسیم کیا گیا ۔
تازہ ترین