• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری نرخنامے سے تجاوز کرنے والے تاجروں کو جیل بھیجا جائیگا،مشیرخوراک

پشاور(جنگ نیوز)وزیر اعلی خیبر پختونخوا کے مشیر برائے محکمہ خوراک میاں خلیق الرحمن نے کہا ہے کہ ضلع نوشہرہ کے ہر علاقے میں ترقیاتی کام جاری ہے۔ ضلع بھر میں سوئی گیس اور بجلی کے درجنوں منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔ عوام کو ریلیف پہنچانے کے لئے صوبائی حکومت ٹھوس بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں عوام کو سستی اشیائے خورونوش کی فراہمی کے لئے ایمرجنسی بنیادوں پر کام ہو رہا ہے۔ محکمہ خوراک میں عوامی شکایات کے ازالے کے لئے خصوصی سیل قائم کردیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علی بیگ اور بالو شریف میں ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیا د رکھنے اور واپڈا کالونی پراپرٹی ایسوسی ایشن کی نو منتخب کابینہ کی حلف برداری تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک میں عوامی شکایات کے ازالے کے لئے خصوصی سیل قائم کردیا گیا ہے جہاں پر محکمہ خوراک کا عملہ ڈیوٹی کریگا اور شکایات کے فوری ازالے کے لئے صوبے کے تمام اضلاع میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہے۔ سحری اور افطار کے اوقات میں بازاروں کی خصوصی چیکنگ کی جائیگی۔ تمام منتخب ایم پی ایز اور وزراء اپنے اپنے اضلاع کے بازاروں میں ذخیرہ اندوزوں اور گراں فروشوں کی نگرانی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر اس بابرکت مہینے میں اللہ تعالی کی خوشنودی کے لئے ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری سے پرہیز کریں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری نرخوں سے متجاوز تاجروں کو جیل بھیجا جائیگا۔ بعدازاں مشیر خوراک میاں خلیق الرحمان کو محکمہ مواصلات و تعمیرات کے افسران نے ضلع بھر میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

تازہ ترین