• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معذور افراد مطالبات کے حصول کیلئے سڑکوں پر آگئے

پشاور (لیڈی رپورٹر ) پشاور میں سرکاری ملازمین کے بعد معذور افراد بھی اپنے مطالبات کے حق میں صدائے احتجاج بلند کرتے سڑکوں پر آگئے، معذور افراد نے پشاور پریس کلب کے باہر سرکاری ملازمتوں میں 4فیصد کوٹہ پر عملدرآمد سمیت دیگر مطالبات کیلئے مظاہرہ کیااور صوبائی حکومت کیخلاف نعرے بازی کی مظاہرین کی قیادت افرادباہم معذور خیبر پختونخوا تنظیم کے صدر ارشاد آفریدی نے کی جن کا موقف تھا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق معذورافرادکو سرکاری ملازمتوں میں 4فیصدکوٹہ نہیں دیا جارہا اور نہ ہی صوبائی حکومت اپنے اعلان کردہ 2فیصد کوٹے پر عملدرآ مد کررہی ہے ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے بھی سرکاری ملازمتوں میں خصوصی افراد کیلئے کوٹہ دو فیصد سے بڑھا کر چار فیصد کرانے کا اعلان کیا تھا جس پر بھی عملدرآمد نہ ہوسکا جس سے یہ افراد مشکلات کاشکار ہیں ۔ سپریم کورٹ آف پاکستان ، خیبر پختونخوا حکومت اور متعلقہ حکام خصوصی افراد کیلئے سرکاری ملازمتوں میں کوٹہ بڑھانے کیلئے عملی اقدامات کرے ۔ محکمہ تعلیم معذور افراد کے معاملات میں رکاوٹیں پیدا کررہا ہے، مطالبات پورے نہ کئے گئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا جائے گا۔

تازہ ترین