• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت ملکی معیشت کو بدحالی کی طرف دھکیل رہی ہے‘شیربازبلور

پشاور (لیڈی رپورٹر)سرحد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیر باز بلور نے حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کے دباؤ پررواں مالی سال کے بقیہ 3 ماہ میں بجلی کی قیمتوں میں 4.97 روپے فی یونٹ اضافہ پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے یکسر مسترد کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت آئی ایم ایف کی ہر شرط کو پورا کرنے کے لئے پاکستان کی سالمیت ٗ ملکی معیشت اور عوام کو معاشی پسماندگی اور بدحالی کی طرف دھکیل رہی ہے۔ حکومت بجلی کے بل بڑھانے کی بجائے لائن لاسز او ر بجلی کی ترسیل کے عمل کو بہتر بنائے اور جس طرح چینی اور آٹا مافیا کے خلاف ایکشن لے رہی ہے ویسے ہی آئی پی پیز کے ساتھ ہونیوالے معاہدوں پر بھی ایکشن لے۔کورونا وائرس کی ہولناک وباء سے پہلے ہی ملکی معیشت تباہی کے دہانے کھڑی ہے اور اس سے پیدا ہونیوالی سنگین صورتحال میں بزنس کمیونٹی پہلے ہی مشکلات سے دوچار ہے اور اتنی سکت نہیں رکھتی کہ وہ بھاری یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی کرسکے۔ موجودہ حکومت آئی ایم ایف کے دباؤ پر معیشت کو تباہ کرنے پر تلی ہے اور سٹیٹ بینک سمیت ایف بی آر میں ٹیکس سسٹم کے بعد اب بجلی ٗ گیس اور پٹرولیم مصنوعات کا نظام بھی آئی ایم ایف کے ہاتھوں میں دے رہی ہے ۔ آئی ایم ایف نے ہی حکومت پاکستان کا نظام چلانا ہے تو پھر موجودہ حکومت کا برسراقتدار رہنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ انہوں نے کہاکہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ سراسر زیادتی ہے اور یہ اضافہ بزنس کمیونٹی اور عوام کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔حکومت اس فیصلہ پر فوری نظرثانی کرکے بزنس کمیونٹی اور غریب عوام پر اضافی بوجھ ڈالنے سے گریز کرے ۔
تازہ ترین