• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یو اے ای نے خلائی پروگرام کیلئے دو افراد کا انتخاب کرلیا، ایک خاتون بھی شامل

دبئی (سبط عارف) یو اے ای نے خلائی پروگرام کیلئے دو افراد کا انتخاب کرلیا ہے،ان میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔ نورالمطروشی اور محمد المولا کے ناموں کا اعلان شیخ محمد بن راشد المکتوم نے ٹوئٹ کے ذریعے کیا۔ تفصیلات کے مطابق، متحدہ عرب امارات نے مزید دو خلانوردوں کو اپنے خلائی پروگرام کے لیے منتخب کیا ہے۔ان میں عرب دنیا کی پہلی خاتون خلانورد بھی شامل ہیں۔حاکم دبئی،متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم اور نائب صدر شیخ محمد بن راشد ال مکتوم نے ہفتے کے روز ایک ٹویٹ میں ان دو نئے خلانوردوں کی نامزدگی کی اطلاع دی ہے۔انھوں نے ان کے نام نوراالمطروشی اور محمد المولا بتائے ہیں لیکن ان کے بارے میں مزید کوئی تفصیل جاری نہیں کی ہے کہ انھوں نے تعلیم کہاں سے حاصل کی تھی اور خلائی سائنس میں ان کا کیا تجربہ ہے۔یو اے ای کی سات امارتوں سے تعلق رکھنے والے چارہزار سےزیادہ امیدواروں نے خلائی پروگرام میں شامل ہونے کے لیے درخواست دی تھی لیکن ان میں سے صرف مذکورہ دو خوش نصیب خلانورد منتخب ہوسکے ہیں۔ان دونوں کو اب ناسا کے ہوسٹن ٹیکساس میں واقع جانسن خلائی مرکز میں تربیت دی جائے گی۔ مجموعی طور پر پروگرام میں شرکت کے لیے 4305 درخواستیں موصول ہوئی تھیں، ان میں سے 1400 درخواستیں خواتین نے بھیجی تھیں۔ واضح رہے کہ 1963 میں روسی خلانورد ویلنٹینا ٹریشکووا پہلی خاتون تھیں جو خلا میں گئی تھیں جب کہ سیلی رائڈ پہلی امریکی خاتون تھیں جو 1983 میں خلا میں گئی تھیں۔ جب کہ مارچ 2021 تک 65 خواتین خلا میں جاچکی ہیں۔

تازہ ترین