• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہداء کے خون سےہمیں حوصلہ ملا ہے، ملک عثمان اچکزئی

کوئٹہ (پ ر) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر و سابق چئیرمین قلعہ عبداللہ ملک عثمان اچکزئی نے کہا ہے کہ شہید اسدخان اچکزئی کی شہادت سے پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے مگر ان کی شہادت سے ہمیں نیا حوصلہ ملا ہے ،ہمیں اس راستے پر فخر ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے شہید اسد اچکزئی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ وطن کے ننگ وناموس پر قربان ہوئے ۔ہم پشتون قوم کے مشکوروممنون ہیں اور یہ عہد کرتے ہیں کہ وطن وقوم دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم کی راہ میں سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی مانند کھڑے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اے این پی خدائی خدمت گار تحریک کے تسلسل کے طور پر سوسالہ جدوجہد شہداء کی قربانیوں کی بدولت زندہ و جاوید رکھے ہوئے ہے اور ہم نے اس پر خارراستے کاانتخاب بخوشی کیا نہ کوئی پشیمانی اور نہ ہی کوئی پچھتاوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کے خون سے ہمیں حوصلہ ملا لہٰذا کارکنوں کا فرض بنتا ہے کہ وہ پشتون عوام میں فکر باچاخان کو پھیلائیں۔ انہوں نے کہا کہ اسدخان اچکزئی عوامی نیشنل پارٹی کے پہلے شہید نہیں بلکہ خدائی خدمتگارتحریک کے قیام سے لے کر اب تک باچاخان اور ان کے رفقاءنے پشتون معاشرے کو علم و شعور کے زیور سے آراستہ کیا ۔ اسد اچکزئی کے چہلم کے موقع پر عہد کرتے ہیں کہ ہم اپنے شہداءکے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے ۔
تازہ ترین