• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں اضافہ عوام دشمنی ہے،اپوزیشن قائدین

پشاور( سید سبزعلی شاہ/نمائندہ خصوصی)اپوزیشن قائدین کی طرف سے آئی ایم ایف کی ہدایت پر عوام پر آئندہ سال ایک ہزار چار سو ارب روپے کے مزید ٹیکس لگانے اور بجلی کی قیمت میں مزید پانچ روپے یونٹ اضافہ کرنے اور ماہ رمضان سے پہلے اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے کو عوام دشمنی قرار دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ملک کو معاشی غلامی کی زنجیروں میں جکڑنا اور غریبوں کو تباہ کرنا دھاندلی سے مسلط ہونے والے وزیراعظم کا ایجنڈا بن چکا ہے۔ عمران نیازی کی طرف سے عوام کو دھوکہ دینے کے لئے 90روز میں تبدیلی لانے کرپشن لوٹ مار ظلم و ناانصافی کے خاتمے عوام کے دکھوں کا مداوا کرنے مہنگائی کے خاتمے اور چھ ماہ میں نیا پاکستان بنانے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن وزیراعظم کی پروردہ مافیا کی لوٹ مار سے ملک کے تباہی سے دو چار ہونے کے بعد اب کہا جا رہا ہے کہ نظام بدلنا مشکل ہے اور اس میں وقت لگے گا۔ وزیراعظم یہ جھانسہ دے کر این آر او لینا چاہتے ہیں لیکن ملک کو مزید تباہی سے بچانے اور مہنگائی کی خوفناک سونامی کا راستہ روکنے کے لئے نااہل نالائق و کرپٹ حکمرانوں کو نہ ہی ڈھیل اور نہ ہی این آر او دیا جائے گا۔ قومی وطن پارٹی کے قائد آفتاب احمد خان شیرپائو مرکزی سیکرٹری جنرل و سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات انیسہ زیب طاہر خیلی ایڈوکیٹ، مرکزی سینئر وائس چیئرمین و سابق سینیٹر حاجی غفران خان، پیپلز پارٹی کے صوبائی پارلیمانی لیڈر شیراعظم خان وزیر، ڈویژنل صدر و سابق صوبائی وزیر لیاقت شباب، صوبائی رابطہ سیکرٹری سرتاج خان دوران پور، پیپلز پارٹی کے رہنما و ممتاز قانون دان ملک نجب گل خان خلیل ایڈوکیٹ، سینٹ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے سابق چیئرمین و مرکزی رہنما جمعیت علمائے اسلام حاجی غلام علی، جمعیت علمائے اسلام کے بزرگ رہنما و ممبر صوبائی مجلس شوریٰ الحاج احمد زادہ خان آف بٹ خیلہ، مسلم لیگ کے مرکزی سینئر نائب صدر و سابق وزیراعلیٰ سینیٹر پیر صابر شاہ،سابق گورنر انجینئر اقبال ظفر جھگڑا، صوبائی جنرل سیکرٹری و سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی، صوبائی سینئر نائب صدر و سابق صوبائی وزیر اطلاعات عبدالسبحان خان، صوبائی نائب صدر خانم اللہ خان ایڈوکیٹ اور ملک ندیم خان نے حکومت کی طرف سے آئی ایم ایف کو عوام پر ایک ہزار چار سو ارب روپے کے مزید ٹیکس لگانے اور بجلی کی قیمت میں مزید پانچ روپے یونٹ اضافہ کرنے کی یقین دہانی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران نیازی کی طرف سے اقتدار میں آنے سے پہلے بھڑک ماری گئی تھی کہ وہ خود کشی کر لیں گے لیکن آئی ایم ایف سے قرضہ نہیں لیں گے لیکن دو سال چودہ ہزار ارب روپے کے نئے قرضے لیکر ملک کو مزید مقروض بنا دیا گیا ہے جبکہ قرضوں کے لئے ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ کر ملک کو معاشی غلامی کی زنجیروں میں جکڑا جا رہا ہے۔ اپوزیشن قائدین کو احتساب کے نام پر انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی کے دھرنوں جلسے جلوسوں اور انتخابی مہم کے لئے فنڈنگ کرنے والوں کو لوٹ مار اور عوامی کی چمڑی اتارنے کی کھلی چھٹی دے دی گئی ہے جبکہ آٹے چینی و پٹرول بحران میں عوام کی جیبوں پر اربوں روپے کاڈکہ ڈالنے اور بی آر ٹی بلین ٹریز و مالم جبہ سکینڈل میں اربوں روپے کی کرپشن کرنے والے قومی مجرم اقتدار کے مزے اڑا رہے ہیں۔ حکمرانوں سے نجات عوام کی ضرورت بن گئی ہے اگر نااہل نالائق و کرپٹ حکمرانوں کو ڈھیل دی گئی تو ملک دیوالیہ ہو جائے گا۔
تازہ ترین