• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کی حمایت میں دھرنوں کا سلسلہ جاری

اسلام آباد (اپنے نامہ نگار سے ) جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کی حمایت میں دسویں روز بھی ملک بھر میں علامتی دھرنوں کا سلسلہ جاری رہا ۔ شرکا دھرنا آئین کے آرٹیکل دس کی بحالی کا مطالبہ کرتے رہے جس کے مطابق کسی بھی شہری کو گرفتاری کے بعدچوبیس گھنٹے کے اندر عدالت میں پیش نہ کرنا آئین شکنی ہے ۔ ملت تشیع کے متعدد افراد گزشتہ کئی سالوں سے لاپتہ ہیں،ان کی بازیابی کا مطالبہ زور پکڑتا جا رہا ہے، اتوار کے روز بھی اسلام آباد، لاہور، ملتان،گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت ملک کے مختلف شہروں میں علامتی دھرنے دیے گئے ۔ اسلام آباد نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نےکہا کہ ہمارے نوجوانوں کا ریاستی اداروں کی تحویل میں ہونا عدلیہ پر عدم اعتماد کا اظہار ہے۔ اختیارات کی کھینچا تانی ریاست کے وجود کے لیے بھی نقصان دہ ہے،ایک آئینی و جمہوری ریاست میں قانون و انصاف کی فراہمی ریاست کی اولین ذمہ داری ہے،انہوں نے کہا کہ اگر جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو علامتی دھرنوں کو مستقل احتجاج کی صورت میں بدلنے کا آپشن بھی موجود ہے۔
تازہ ترین