• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رمضان بازار میں چینی 65، مارکیٹ میں 85روپے کلو فروخت ہوگی

ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے کہا ہے کہ رمضان بازاروں میں چینی 65 روپے جبکہ اوپن مارکیٹ میں85 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہوگی۔رمضان بازاروں میں 10 کلو وزن کے آٹے کا تھیلا 375 روپے میں فروخت کیا جائے گا۔اس طرح حکومت رمضان بازاروں میں ایک کلو چینی پر 20 روپے جبکہ 10 کلو آٹے کے ایک بیگ پر65 روپے سب سڈی دے رہی ہے۔وہ پرائس مجسٹریٹس کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ ڈپٹی کمشنر علی شہزاد نے ہدایت کی کہ اوپن مارکیٹ میں چینی مہنگے داموں فروخت کرنے والوں کو جیل بھیجا جائے۔انہوں نے تمام پرائس مجسٹریٹس کو چینی کی گرانفروشی میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اوپن مارکیٹ میں فی کلو چینی پر 85 روپے سے ایک پیسہ بھی اگر کوئی دکاندار زائد قیمت وصول کرے تو اسے موقع پر گرفتار کیا جائے اور کریک ڈاون کاآغاز بڑے مالز اور ڈیپارٹمنٹل سٹورز سے کیا جائے۔ علی شہزاد نے ہدایت کی کہ رمضان بازاروں میں متوقع رش کے پیش نظر چینی اور آٹے کے سٹال کیلئے مناسب جگہ کا انتخاب کیا جائے اور ہر رمضان بازار کے مقررہ اوقات میں پرائس مجسٹریٹ ڈیوٹی پر موجود رہے۔ڈپٹی کمشنر نے ناقص کارکردگی پر متعدد پرائس مجسٹریٹس کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کا بھی حکم دیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد طیب خان، اسسٹنٹ کمشنرز خواجہ محمد عمیر محمود اور محمد زبیر،سب رجسٹرار محسن نثار اور سیکرٹری آر ٹی اے رانا محسن نے بھی شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمرالزمان قیصرانی، اسسٹنٹ کمشنرز آبگینے خان اور مدثر ممتاز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔
تازہ ترین