اسلام آباد (نمائندہ جنگ) یونائیٹڈ چرچ آف پاکستان کے سینئر ایڈوائزر سید غلام اکبر جعفری نے کہا ہے کہ قبضہ گروپ سے ہماری مذہبی جائیدادیں واپس دلوائی جائیں اور حکومت کلیسیائی املاک پر بااثر مافیا کے ناجائز اور زبردستی قبضے کو ختم کرائے اور صلیب، روح القدس کی علامت، بائبل مقدس کے عکس، تصاویر اور ناموں کی بے حرمتی میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہوسکیں۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سید غلام اکبر جعفری کا کہنا تھا کہ مکروہ عقائد کا ایک گروہ جس کا سرغنہ جوزف رابرٹ نامی شخص ہے‘ نے کلیسیائی املاک پر زبردستی ناجائز طور پر قبضے کرنے شروع کر رکھے ہیں۔ یہ املاک متحدہ کلیسیاء پاکستان کو متحدہ کلیسیاء ہند سے ورثے میں ملی تھیں جن کو مذکورہ گروہ فرضی اور جعلی دستاویزات بنا کر زبردست قبضہ کر لیتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس گروہ نے گزشتہ ماہ چھ مارچ کو ایک فراڈ اور جعلی ڈگری کی بنیاد پر سیشن کورٹ جہلم حکم امتناعی کے باوجود پولیس اور استاف کی ملی بھگت سے اسلحہ کے زور پر چرچ پر قبضہ کر لیا ہے۔ جبکہ اس دوران زونل ایڈوائزر آفس اور ایڈمنسٹریٹر کی رہائش گاہوں سے سامان لوٹنے کے ساتھ ساتھ متحدہ کلیسیاء پاکستان پر چھی ہوئی مقدس صلیب، روح القدس کی علامت، بائبل مقدس کے عکس، تصاویر اور ناموں کو پھاڑنے اور انکی بے حرمتی کی گئی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مقدس اشیاء کی بے حرمتی کرنے پر واقعہ میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے اور قبضہ گروپ سے ہماری مذہبی جائیدادیں واپس دلوائی جائیں تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہو سکیں۔