• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبر پختونخوا ، 672نئے منی مائیکرو پن بجلی منصوبے شروع کرنے کا اعلان

پشاور(نمائندہ جنگ)خیبر پختونخوا حکومت عالمی وباء کوروناوائرس کی خطرناک صورتحال کے باوجود صنعتی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے، صنعتی شعبے کو ارزاں نرخوںپر بجلی کی فراہمی کیلئے14سو میگا واٹ پن بجلی کے منصوبوںپر کام تیزی سے جاری ہے جس سے صنعتی شعبہ ترقی کرے گا، ملک میں بے روزگاری کے خاتمے اورنئے روزگارکے مواقع پیدا ہونگے، اس وقت صوبے کو توانائی کے شعبے سے مجموعی طور پر157میگا واٹ بجلی حاصل ہو رہی ہے جس سے صوبے کو سالانہ5 اعشاریہ 8ارب روپے کی آمدن ہو رہی ہےجبکہ بجلی کی نعمت سے محروم صوبے کے پسماندہ علاقوں میں دوسرے مرحلے کے دوران مزید 672منی مائیکرو پن بجلی منصوبوں پر عملی کام جلد شروع ہونے والا ہے جبکہ4400مساجد، 8ہزار سکولوں اور187بنیادی مراکز صحت کو شمسی توانائی پر منتقلی کے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے، اسی طرح 227میگا واٹ کے 6منصوبوں پر بھی کام تیزی سے جاری ہے۔ جن کی تکمیل سے صوبے کو سالانہ11ارب روپے سے زائد کی آمدن متوقع ہے جبکہ عالمی بینک اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے مالی تعاون سے 479میگا واٹ کے4 مزیدمنصوبوں پر بھی جلد عملی کام کا آغاز ہونے والا ہے۔ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ کے مشیر توانائی حمایت اللہ خان نے ایس آر ایس پی ہیڈ کوارٹر میں توانائی منصوبوں کے بارے میں میڈیا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں صوبائی وزیر محنت شوکت یوسفزئی ، سیکرٹری توانائی زبیر خان ، چیف ایگزیکٹیو پیڈو انجنیئر نعیم خان، چیف ایگزیکٹیو SRSPمسعود الملک کے علاوہ دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ کانفرنس میں پیڈو چیف نعیم خان نے صوبے میں توانائی منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کے بارے میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ صوبے کے پسماندہ اضلاع میں بجلی کی نعمت سے محروم علاقوں میں پہلے مرحلے کی کامیابی پر اب تک 308منی مائیکرو ہائیڈل سٹیشنز مکمل کر لئے گئے ہیں جبکہ 42پر کام تیزی سے جاری ہے جو کہ رواں سال جون تک مکمل کر لئے جائیں گے ان سے تقریبا لاکھوں کی آبادی مستفید ہو گی اسی طرح دوسرے مرحلے میں بھی مزید 672منی مائیکرو ہائیڈل سٹیشنزتعمیر کئے جائیں گے۔

تازہ ترین