• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوٹیلٹی اسٹورز پر معیاری اشیا بازار سے کم قیمت پر دستیاب ہوں گی، تیمور سلیم جھگڑا

پشاور(جنگ نیوز)وزیر خزانہ و صحت خیبرپختونخوا تیمور سلیم جھگڑا اور وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی کامران بنگش نے حیات آباد میں یوٹیلٹی رمضان میگا مارٹ کا وزیراعظم رمضان ریلیف پیکج2021 کے تحت افتتاح کر دیا ہے۔ترجمان خیبر پختونخوا حکومت و معاون خصوصی کامران بنگش نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم رمضان ریلیف پیکج کے تحت صوبہ بھر کے یوٹیلیٹی اسٹورز پر عوام کو معیاری اشیاء بازار سے کم قیمت پر دستیاب ہوں گی اس کے علاوہ جہاں جہاں پر صوبائی حکومت نے سستا بازار قائم کئے ہیں وہاں پر بھی یوٹیلیٹی اسٹورز اپنے اسٹالز لگائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان ریلیف پیکج کا اجراء غریب اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے۔غریب عوام کو آسانیاں دینے کی وزیراعظم کے وژن کا ذکر کرتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق معاشرے کے متوسط طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومت کا بنیادی ایجنڈا ہے۔ انہوں نے کہا وزیر اعلیٰ محمود خان صوبے کے عوام کے لیے عنقریب تاریخی رمضان پیکج کا اعلان کریں گے۔ صوبے میں کسان بازار قائم کرنے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے معاون وزیراعلیٰ کامران بنگش نے کہا کہ پاکستان بیت المال، یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن اور صوبائی محکمہ ریلیف کے باہمی تعاون سے کسان بازار قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کی پہلی لہر کے دوران احساس کیش پروگرام کے تحت مستحق لوگوں میں امدادی رقم منظم اور شفاف انداز میں تقسیم کی گئی ہیں۔ پسماندہ طبقات کو آگے لانے کا ذکر کرتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ غریب اور متوسط طبقے کو اوپر اٹھانے کے لیے متعدد پروگرام شروع کیے گئے جن میں احساس پناہ گاہ، احساس نشونما وغیرہ شامل ہیں۔ صوبے کے دیہاڑی دار مزدوروں اور دیگر مستحق افراد کے لیے فوڈ ٹرک کے ذریعے کھانا فراہم کرنے کے لیے کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکسان تحریک انصاف کے دور حکومت میں صوبے کے عوام کے طرز زندگی میں بہتری آئی ہے جس کا اعتراف یو این ڈی پی کی رپورٹ میں بھی کیا گیا ہے۔مہنگائی کنٹرول کرنے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے معاون خصوصی کامران بنگش نے کہا کہ اب حکومت کا فوکس مہنگائی کے خاتمے پر ہے۔ صوبے کی سو فیصد آبادی تک صحت کارڈ پلس کی توسیع موجودہ حکومت کا ایک تاریخی اقدام ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خزانہ و صحت تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ پشاور اور دیگر علاقوں میں یوٹیلٹی سٹورز کا ایک وسیع نیٹ ورک قائم کرنے میں صوبائی حکومت تمام معاونت فراہم کرے گی۔ آئندہ بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آٹے کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے 20 ارب روپے تک کی سبسڈی دیں گے جبکہ غریب اور متوسط طبقے کے طرز زندگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے ایک میکینزم بنائیں گے۔
تازہ ترین