• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پہلے صوبہ پھر مردم شماری، ورنہ نتائج تسلیم نہیں،سرائیکستان محاذ

ملتان (سٹاف رپورٹر) سرائیکستان صوبہ محاذ کے رہنمائوں کرنل (ر) عبدالجبار خان عباسی، خواجہ غلام فرید کوریجہ، مسیح اللہ خان جام پوری، ملک خضر حیات ڈیال، عاشق بزدار، ظہور دھریجہ، اکبر ملکانی، مظہر کات ودیگر نے کہا ہے کہ مردم شماری میں سرائیکی وسیب پر ظلم ہوا۔ پہلے صوبہ پھر مردم شماری، ورنہ نتائج تسلیم نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ تمام مردم شماریاں بوگس تھیں اور سرائیکی صوبہ نہ ہونے کی وجہ سے وسیب کی صرف آبادی ہی نہیں بلکہ دیگر تمام معاملات میں نظر انداز کیا گیا۔ ہم واضح کرتے ہیں کہ وسیب کے تحفظات دور کئے بغیر آئندہ مردم شماری قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کی صدارت میں ہونیوالے اجلاس میں یہ تسلیم کرنے کے باوجود کہ مردم شماری کے اعدادو شمار بوگس ہیں ان کو تسلیم کرتے ہوئے مشتہر کرنا آئین کی خلاف ورزی ہونے کے ساتھ ساتھ ایک ایسا غلط قدم ہے جس کے بھیانک نتائج برآمد ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مردم شماری زمینی حقائق پر مبنی کی جائے اور مردم شماری کیلئے مسلمہ عالمی اصولوں کو اختیار کرتے ہوئے انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں جس کی لاٹھی اُس کی بھینس کے اصول کو ختم ہونا چاہئے، ورنہ مردم شماری پر اُٹھنے والے اربوں کے اخراجات اکارت جائیں گے۔ سرائیکی رہنمائوں نے کہا کہ مردم شماری صرف نفوس کو گننے کا نام نہیں بلکہ اس کا دائرہ کار ریاست کے تمام قومی امور پر محیط ہوتا ہے۔ 
تازہ ترین