• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا ریپڈ رسپانس ٹیموں کو معاوضے جلد مل جائیں گے، تیمور جھگڑا

پشاور(جنگ نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے کہا ہے کہ کورونا رسپانس ٹیموں کو ان کے معاوضے جلد مل جائینگے۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز نے معاوضوں کی ادائیگی میں درپیش مسائل کو دور کرنے پر کام کا آغاز کر دیا ہے۔ صوبائی وزیر صحت و خزانہ نے ان خیالات کا اظہار سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریپڈ رسپانس ٹیموں کو معاوضوں کی عدم ادائیگی کا معاملہ ابھی ان کے نوٹس میں لایا گیا جس کے انہوں نے اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز کے ساتھ مل کر کام کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے تمام ریپڈ رسپانس ٹیموں کے اراکین کو یقین دلایا کہ آئندہ چند دنوں میں ان کو معاوضوں کی ادائیگی کر دی جائے گی۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ وہ اس وباء کے دوران فیلڈ میں موجود محنتی ورکرز کو درپیش پریشانیوں سے آگاہ ہیں اور جلد انہیں حل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے معاوضوں کی عدم ادائیگی پر ریپڈ رسپانس ٹیموں کے اراکین سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلہ پیش ہی نہیں آنا چاہیے تھا اور نہ ہی ایک وزیر کو اس معاملے میں مداخلت کرنے کی ضرورت پیش آتی۔ تیمور جھگڑا نے کہا کہ انشاء اللہ تمام ریپڈ رسپانس ٹیموں کو جلد معاوضے مل جائیں گے اور ادائیگی کے اس عمل کو آئندہ کے لیے سٹریم لائن کر دیا جائے گا تاکہ پھر دوبارہ یہ مسئلہ پیش نہ آئے۔
تازہ ترین