• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ بلدیات گڑھی یاسین کے 200 ملازمین کی عبوری ضمانتیں منظور

سپریم کورٹ آف پاکستان نے محکمہ بلدیات گڑھی یاسین سندھ کے 200 سے زائد ملازمین کی عبوری ضمانتیں منظور کر لیں، جسٹس قاضی امین نے ریمارکس دیئے کہ رمضان میں شیطان بند ہوتا ہے اور ملزمان کو ضمانت مل رہی ہے۔

سپریم کورٹ کے جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے محکمہ بلدیات گڑھی یاسین سندھ کے ملازمین کی نیب ضمانت کیس کی سماعت کرتے ہوئے تمام ملزمان کو سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔

سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں کہا کہ سندھ ہائی کورٹ میرٹ پر تمام کیسز کا جائزہ لے کر فیصلے دے۔

جسٹس قاضی امین نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جہاں ضمانت قبل از گرفتاری دو دو سال برقرار رہتی ہے، دنیا کا واحد ملک ہے جہاں فوجداری نظامِ انصاف کا یہ حال ہے، قومی مفاد میں نیب کے اقدامات پر بات ہوسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ نے ملزمان کو کہا کہ پیسے جمع کراؤ اور گھر جاؤ، ملزمان کے ساتھ یکساں سلوک ہونا چاہیئے۔


ملزمان کے وکیل شاہ خاور نے کہا کہ آج پہلا روزہ ہے، ریلیف ملنا اچھا ہو گا۔

جسٹس قاضی امین نے کہا کہ رمضان میں شیطان بند ہوتا ہے اور ملزمان کو ضمانت مل رہی ہے۔

ملزمان پر بلدیات کے مختلف منصوبوں میں کرپشن کے الزامات ہیں۔

تازہ ترین