• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مدارس و مساجد کو سیاسی مسئلہ نہ بنایا جائے‘تحفظ مساجد کمیٹی

کوئٹہ (آن لائن )تحفظ مساجد کمیٹی کا اجلاس جامعہ مفتاح العلوم میں مولاناعبدالباقی کی صدارت میں ہوا جس میں تحفظ مساجد کے حوالے سے کمشنر اسفندیار کاکڑ کے بہترین اقدامات اور مساجد مسمار روکنے پر شکریہ اداکیا گیا۔اجلاس میں تحفظ مساجد اور احترام رمضان آرڈنینس پر عمل درآمد کے حوالے سے مختلف ایجنڈوں پر تفصیلی غور وخوض ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ تمام آئمہ وخطباء مدارس اور مساجد کی اہمیت پر خطبہ دیں اور حکومت احترام رمضان آرڈنینس پر عمل کرکے ملک میں رمضان ٹرانسمیشن کے نام پر فحش پروگرام روکے اور دن کے اوقات ہوٹلوں کو بند کیا جائے۔ استقبالیہ سے مولانا عبدالباقی،مولانا محمد رمضان مینگل، مفتی عبدالواحد بازئی، مولانا عبدالرحیم ساجد، مولوی رحمت اللہ حقانی، قاری عبدالحفیظ ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مساجد اور مدارس کے تحفظ کو سیاسی مسئلہ نہ بنایا جائے۔ مساجد، مکاتب ومدارس میں وحدت امن وسلامتی اور محبت کا پیغام دیا جاتا ہے۔ مساجد سے اپنا تعلق مضبوط کیا جائے کیونکہ مساجد مسلمانوں کی نہ صرف تربیت گاہیں ہیں بلکہ مساجد مسلم معاشرے کی عکاسی کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مساجد کا تقدس واحترام مسلمان پر لازم ہے جو مساجد پہلے سے موجود ہیں، ا ن کی بقاء واستحکام حکومت کا فریضہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شریعت میں جس جگہ ایک دفعہ مسجد تعمیر کی جاتی ہے وہ جگہ تاقیامت مسجد رہتی ہے اب وقف اور تعمیر کے بعد یہ مسجد ہوچکی ہے، اس کو نہ اب توڑاجاسکتا ہے اور نہ دوسری جگہ منتقل کی جاسکتی ہے۔
تازہ ترین