• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈرامہ خدا اور محبت میں کام کر کے لگ رہا جیسے کوئی خواب پورا ہوگیا، اقرا عزیز

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) اداکارہ اقرا عزیز کا کہنا ہے کہ ان کے نزدیک آج کل کی سوشل میڈیا کی شہرت کچھ نہیں اصل شہرت تو پرانے فنکاروں کے پاس تھی۔’’خدا اور محبت‘‘ جیسے پاکستان کے کامیاب ڈرامےمیں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ اقرا عزیز ماضی میں متعددسپر ہٹ ڈراموں میں کام کرچکی ہیں۔ انہیں بچپن سے اداکاری کا شوق تھا۔برطانوی نشریاتی ادارے کو دئیے گئے انٹرویو میں اقرا عزیز نے بتایا کہ میں بچپن سے ہی امی کے ڈوپٹے لے کر اور ساڑھیاں باندھ کر بھارتی گانوں پر شیشے کے سامنے اداکاری کرتی تھی، تیار ہوتی تھی اور میک اپ کرتی تھی۔ دسویں جماعت میں ایک اشتہار کے ذریعے شوبز کی فیلڈ میں قدم رکھا اور اسی وقت فیصلہ کرلیا کہ اسی فیلڈ میں کیر یئر بنانا ہے۔انٹرویو کے دوران اقرا عزیز نے بتایا ان کا تعلق ایک مڈل کلاس فیملی سے ہے اور وہ کراچی کے علاقے برنس روڈ میں ایک چھوٹے سے فلیٹ میں رہتے تھے۔ انہوں نے اپنی والدہ کو ہر حال میں شکرگزار دیکھا۔اقرا عزیز کا کہنا ہے کہ وہ اپنی شہرت سے خوش ہیں لیکن وہ اس شہرت کو شہرت نہیں سمجھتیں۔ ان کا کہنا ہے، یہ سوشل میڈیا کا دور ہے، لوگ میرے کام کو پسند کرتے ہیں، مجھے پہچانتے ہیں یہ بہت بڑی بات ہے لیکن اصل شہرت ہمارے پرانے آرٹسٹس کے پاس تھی۔’’وہ سوشل میڈیا پر ہر طرف نظر نہیں آتے تھے، لوگوں کو علم نہیں ہوتا تھا کہ ان کی زندگی میں کیا ہو رہا ہے؟ آج وہ کیسے لگ رہے ہیں، کیا کر رہے ہیں ان کا گھر کیسا ہے، ان کے شوق کیا ہیں؟ نہ اتنے انٹرویو ہوتے تھے نہ سوشل میڈیا کا دور ہوتا تھا لیکن پھر بھی لوگ آپ کو اتنا پیار کرتے تھے، آپ کو خط لکھتے تھے۔ لیکن اب اپنے پسندیدہ اداکار کے بارے میں جاننے کے بارے میں لوگوں میں وہ تجسس نہیں رہا۔‘‘ڈراما سیریل ’’خدا اور محبت‘‘ میں کام کرنے کے تجربے کے بارے میں بتاتے ہوئے اقرا عزیز نے کہا اس ڈرامے میں کام کرکے انہیں ایسا لگ رہا ہے جیسے ان کا کوئی خواب پورا ہوگیا۔

تازہ ترین