کراچی(عبدالماجدبھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل سکس کے بقیہ بیس میچوں میں بایو سیکیور ببل کے لئے غیر ملکی ماہرین کی خدمات حاصل کر لی ہیں لیکن ببل کو مکمل طور پر آئوٹ سورس نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹورنامنٹ کے دوران سخت قدامات کئے جائیں گے ۔کھلاڑیوں اور ٹیم انتظامیہ کو ہوٹل میں پارٹی کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، فیملی کو آنے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔ پروٹوکول توڑنے والے خلاف سخت اور فوری کارروائی جائے گی۔ پی سی بی کے ایک اعلی افسر نے نام ظاہرنہ کرنے کی شرط پر نمائندہ جنگ کو بتایا کہ سخت پروٹوکول بنائے جائیں گے۔ بایو سیکیور ببل کیلئے جس کمپنی کی خدمات حاصل کی ہے وہ انگلینڈ اور سری لنکا میں ببل بنا چکی ہے۔ برطانوی کمپنی کے چند لوگ کراچی آکر سسٹم بنائیں گے اور اس کی مانیٹرنگ کریں گے۔ سسٹم کو پاکستان کے لوگ چلائیں گے۔ ایک بار ببل میں داخل ہونے والا شخص ٹورنامنٹ ختم ہونے تک باہر نہیں جاسکے گا۔پی ایس ایل کی ساکھ کو نقصان پہنچانے والے افسر اب اس لیگ کا حصہ نہیں ہوں گے۔ جلد پی ایس ایل گورننگ کونسل کی میٹنگ بلاکر فرنچائز کو رپورٹ پر پرزنٹیشن دی جائے گی۔ ایونٹ کے تمام شرکاء کے لیے 22مئی سے ایک ہی ہوٹل میں قرنطینہ کی7روزہ مدت کا آغاز کیا جائے گا۔ بعدازاں تین روزہ ٹریننگ سیشنز کے بعد یکم جون سے ایونٹ شروع ہوجائے گا۔