• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حافظ سعد رضوی کی گرفتاری قابل مذمت ہے، مفتی فضل قادری

مانچسٹر(نمائندہ جنگ) ترجمان مرکزی جماعت اہلسنت یوکے مفتی اہلسنت علامہ مفتی فضل احمد قادری نے پاکستان کی موجودہ تشویشناک صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے حکومت کی عاقبت نااندیشی سے تعبیر کیا ہے۔ تحریک لبیک پاکستان کے مرکزی امیر علامہ حافظ سعدحسین رضوی کی بے جا گرفتاری و حکومت کی جانب سے معاہدہ شکنی اور پھر احتجاجی مظاہرین پر شیلنگ اور تشدد کے واقعات کی پرزور مذمت کرتے ہوئے ترجمان مرکزی جماعت اہلسنت یوکے علامہ مفتی فضل احمد قادری نے کہا کہ عمران خاں کو لوگوں نے ’’ریاست مدینہ ‘‘کے مقدس نعرے کے جواب میں منتخب کیا اور ان سے خوشحال پاکستان کی امیدیں لگائیں مگر وہ کسی طرح سے بھی اپنے قبل از انتخاب وعدوں کی تکمیل نہ کرسکے بلکہ صد افسوس کہ ان کا شروع دن سے دینی لوگوں اور مذہبی جماعتوں کے ساتھ رویہ انتہائی مخاصمانہ رہا۔ اس سے قبل بھی 2018 کے اندر اور پھر پے در پے علمائے کرام پر سخت ترین تشدد اور دینی اداروں پر قدغن لگانے کا نہ رکنے والاسلسلہ اس حکومت کے انتقامی رویے کا غماز ہےاور اب کی بار حکومت نے اخلاق و قانون کی تمام حدیں پار کرتے ہوئے اپنے ہی کئے ہوئے معاہدے پر عمل درآمد کرنے کی بجائے امیر تحریک لبیک پاکستان کو گرفتار کرکے اور پورے ملک کی انتظامی مشینری کو اپنے ہی شہریوں پر تشدد کا حکم دے کر غلط کام کیا جس سے نہ صرف پاکستانیوں کا اعتماد اپنی حکومت سے ختم ہوابلکہ بیرونی دنیا بھی ایسے اقدامات پر اضطراب کا شکار ہے کہ ایک ملک کے حکومتی ادارے کس طرح وعدوں اور معاہدوں کی پامالی کر رہے ہیں ہم حکومت پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ جبر و انتقام کی یہ کارروائیاں فوراً بند کی جائیں اور علامہ حافظ سعدحسین رضوی و دیگر تمام کارکنان اسیران ناموس رسالت کو فوری طورپر رہا کیا جائے۔ ترجمان مرکزی جماعت اہلسنت یوکے نے اس ہنگامہ آرائی میں شہید ہوجانے والوں اور تشدد سہنے والے شہریوں سے اپنی دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔ترجمان مرکزی جماعت اہلسنت یوکے نےکہا رمضان المبارک کے رحمتوں اور برکتوں والے مقدس ماہ مبارک کا مکمل احترام کیا جائے ۔ 
تازہ ترین