• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تیسری بڑی گرینڈ جامع مسجد آئندہ رمضان میں نمازیوں کیلئے کھولیں گے، ملک ریاض

اسلام آباد (حنیف خالد) چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض حسین نے بحریہ ٹائون کو مساجد کے شہر کے طور پر دنیا بھر میں مشہور کر دیا ہے۔ لاہور میں بحریہ ٹائون کے فورم سے اُنہوں نے دنیا کی ساتویں سب سے بڑی مسجد تعمیر کرائی جو نمازیوں کیلئے ایس او پیز کے ساتھ کھلی ہے۔ ملک ریاض حسین کی ترجمان نے جنگ کو بتایا کہ دنیا کی تیسری سب سے بڑی مسجد بحریہ ٹائون کراچی میں اگلے سال رمضان المبارک میں نمازیوں کیلئے کھولی جا رہی ہے جو تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ اس مسجد میں بیک وقت 8لاکھ نمازی نماز ادا کرسکیں گے۔ اگلے سال رمضان المبارک 1443ھ میں اس مسجد میں اعتکاف کا بھی شایان شان اہتمام چیئرمین بحریہ ٹائون ملک ریاض حسین کرینگے۔ ملک ریاض حسین کا کہنا ہے کہ وہ دنیا کے جس ملک میں بھی گئے اُنہوں نے وہاں کی مشہور مساجد کے نقشے حاصل کئے‘ اُن نقشوں کے مطابق کراچی کے علاوہ لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد کے بحریہ ٹائون میں ویسے ہی سو فیصد ڈیزائن کی مسجد تعمیر کرائی تاکہ ایشیاء اور یورپ میں جس طرح بحریہ ٹائون کو لوگوں نے پسندیدگی کا سرٹیفکیٹ عطا کیا وہاں کراچی لاہور راولپنڈی اسلام آباد میں اللہ کے گھر بھی پاکستانیوں اور ان کے خاندانوں کیلئے پسندیدگی کے سٹینڈرڈ حاصل کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ گرینڈ جامع مسجد بحریہ ٹائون کراچی بھی بحریہ ٹائون لاہور کی دنیا کی ساتویں بڑی مسجد کی طرح معروف آرکیٹکٹ نیئر علی دادا کا شاہکار ڈیزائن ہے۔ اس گرینڈ مسجد کو عظیم الشان منصوبے میں تبدیل کرنے کی اللہ تعالیٰ نے اُن کو اور بحریہ ٹائون کی ٹیم کو استعداد بخشی جو نہ صرف بحریہ ٹائون بلکہ پوری مسلم اُمہ کیلئے اتحادو یکجہتی کی علامت ہے۔ بحریہ ٹائون پاکستان کے معروف آرکیٹکٹ کی مدد سے انہوں نے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے ایک تاریخی اور فقیدالمثال دنیا کی تیسری بڑی مسجد کو یادگار بنانے میں کوئی کسر نہ اُٹھا رکھی‘ عہد ساز مساجد کی تعمیر بحریہ ٹائون کی روایت اور ان کی زندگی کا نصب العین ہے۔

تازہ ترین