• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جبری گمشدگی کا عمل آئین و قانون سے انخراف ہے، پیپلز پارٹی

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلزپارٹی کے وفد نے صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ اورسعید غنی کے ہمراہ مجلس وحدت المسلمین سندھ کے رہنماؤں سے صوبائی دفتروحدت ہاوس میں ملاقات کی۔ملاقات میں علاقائی امور،ملک کی تازہ ترین صورتحال اور شیعہ مسنگ پرسنز کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔پیپلز پارٹی کے وفد میں فاروق اعوان،وقار مہدی، قادر خان مندوخیل،نعیم شیخ جبکہ مجلس وحدت مسلمین کے مولانا صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، علی حسین نقوی،علامہ ملک اسد سمیت دیگر رہنما شریک تھے۔صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ مسنگ پرسنز کے حوالے سے پیپلز پارٹی اور مجلس وحدت مسلمین کا موقف یکساں ہے۔ہم جبری گمشدگی کے عمل کو آئین و قانون سے انحراف سمجھتے ہیں۔ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ آئین کی بالادستی کی بات کی۔کوئی بھی مسنگ پرسن سندھ حکومت کی تحویل میں نہیں ہے۔وفاقی حکومت کے ذیلی اداروں کو مسنگ پرسنز کے حوالے سے جواب دینا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ وہ وفاقی حکومت سے مسنگ پرسنز کی فوری بازیابی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ملاقات میں ممتاز عالم دین عون محمد نقوی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی علمی اور مذہبی کاوشوں کو بھی سراہا گیا۔

تازہ ترین