• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرنس فلپ کے انتقال پر اسکاٹ لینڈ میں بھی گہرا سوگ منایا گیا

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) ڈیوک آف ایڈنبرا پرنس فلپ کے انتقال پراسکاٹ لینڈ میں بھی گہرا سوگ منایا گیا۔ان کی موت کی خبر آتے ہی اسکاٹش پارلیمنٹ اور دیگر کئی عمارتوں پر پرچم سرنگوں کردیے گئے اور تمام سیاسی پارٹیوں نے اسکاٹش پارلیمنٹ کے مئی کو ہونے والے الیکشن کے لیے اپنی انتخابی مہم فوراً معطل کردی۔ڈیوک آف ایڈنبرا کا اسکاٹ لینڈ سے گہرا تعلق تھا وہ یہاں دونیٹن اسکول میں پڑھتے رہے تھے۔ 50سال یونیورسٹی آف ایڈنبرا کے چانسلر رہے، ان کی ڈیوک آف ایڈنبرا ایوارڈ اسکیم اور دیگر فلاحی کاموں سے لوگوں کو بہت فائدہ پہنچا، وہ اپنی چھٹیاں باقاعدگی کے ساتھ با لمول کے محل میں گزارتے تھے، اسکاٹ لینڈ کی فرسٹ منسٹر نکولا سٹرجن اور تمام سیاسی پارٹیوں کے رہنمائوں نے پرنس فلپ کی موت پر بڑے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ اسکاٹ لینڈ کی پاکستانی کمیونٹی نے بھی پرنس فلپ کی موت کی خبر بڑے دکھ کے ساتھ سنی اور ان کی قومی و سماجی خدمات پر ان کو خراج عقیدت پیش کیا، ہفتہ کو ایڈنبرا کیسل میں پرنس فلپ کو41توپوں کی سلامی دی گئی، اس موقع پر قلعے کے باہر بڑی تعداد میں لوگ کھڑے تھے۔
تازہ ترین