• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری افسروں کو دھمکیاں، رانا ثناء پر دہشت گردی کا مقدمہ کرائینگے، فواد چوہدری


راولپنڈی(این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے رانا ثنا اللہ کیخلاف سرکاری افسران کو دھمکیاں دینے پر دہشت گردی کا مقدمہ درج کرکے کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ رانا ثناء اللہ نے چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر لاہور سمیت افسران کے خلاف وہی زبان استعمال جو الطاف حسین اور مذہبی جماعت نے کی تھی،آئین کی حدود میں رہ کر سیاست کرنی چاہیے، رانا ثنا اللہ کو الطاف حسین بننے کا خیال دماغ سے نکالنا ہوگا، شریف خاندان کی رہائش گاہ جاتی امراء کو گرانے کا کسی کا پروگرام نہیں،یہ نہیں ہوگا سرکاری زمین پر قبضہ کریں گے توکچھ ہم نہ کریں،جاتی امرا ءکی زمین ایک بے نامی عورت کے نام لیکر اپنی والدہ کے نام منتقل کرائی، امید ہے جہانگیر ترین اپنا مقدمہ عدالت میں لڑینگے۔ڈسٹرکٹ اسپتال کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ رانا ثنا اللہ نے چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر لاہور سمیت دیگر افسران کے ساتھ وہی زبان استعمال کی جو اس سے قبل الطاف حسین اور پھر ٹی ایل پی نے استعمال کی تھی تاہم وہ انہوں نے ان دونوں کے حال سے سبق نہیں سیکھا۔انہوںنے کہاکہ کسی کو اجازت نہیں کہ وہ سرکاری افسران کو دھمکی دے چاہے وہ رانا ثنا اللہ ہو یا کوئی اور۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شریف خاندان کی رہائش گاہ جاتی امراء کو گرانے کا کسی کا پروگرام نہیں۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم کو رپورٹ آئی کہ کئی اراکین اسمبلی نے اپنے حلقوں میں زمینوں پر قبضے کر رکھے ہیں جس پر انہوں نے انکوائری کا حکم دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ انکوائری میں پتہ چلا کہ سرکاری زمین ایک بے نامی بوڑھی عورت کے نام پر منتقل کی گئی اور پھر نواز شریف کی والدہ کے نام وہ زمین منتقل ہوگئی۔ انہوںنے کہاکہ یہ کھلی بددیانتی تھی اس پر کارروائی ہوئی اور ریونیو اتھارٹیز نے نوٹسز جاری کیے، ن لیگ کے پاس حق ہے کہ وہ ریونیو اتھارٹیز کے نوٹسز کو چیلنج کرے اس پر سارے قانونی راستے موجود ہیں تاہم دھمکیوں کا راستہ اپنایا جائیگا تو کارروائی ہوگی۔ فواد چوہدری نے کہا کہ پنجاب حکومت نے وزیراعظم کے حکم پرصوبے میں کارروائی کی اور لوگوں سے زمینیں چھڑائی گئیں، کھوکھر برادران نے سرکاری زمین پر قبضہ کرکے پیلس بنایا تھا اس کے علاوہ دانیال عزیز سمیت بڑے ممبران قومی اسمبلی کے نام شامل ہیں، ہم نے ان سب سے زمینیں واگزار کرائیں۔جہانگیر ترین سے متعلق انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین کا معاملہ پہلی مرتبہ نہیں ہوا، پی ٹی آئی میں سب سے پہلے بابر اعوان پر الزام لگا جس پر انہوں نے استعفیٰ دیا اور ضمانت لے کر واپس آئے ،علیم خان نے بھی ایسا کیا، اب جہانگیر ترین نے الزام عدالت میں ثابت کرنا ہے، حکومت کو ان سے ذاتی مسئلہ نہیں اور نہ انہیں حکومت سے مسئلہ ہے، امید ہے جہانگیر ترین اپنا مقدمہ عدالت میں لڑیں گے۔

تازہ ترین