• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کے تاجروں کا ہفتے کو کاروبار بند کرنے سے انکار، مارکیٹیں کھلی رہیں

کراچی (جنگ نیوز) کراچی کے تاجروں نے ہفتے کو کاروبار بند کرنے سے انکار کردیا، گزشتہ روز شہر بھر میں مارکیٹیں کھلی رہیں۔ پنجاب، خیبرپختونخوا اوربلوچستان کے بعد سندھ میں بھی ہفتہ اور اتوار کو کاروبار بند رکھنے کے احکامات کے باوجود کراچی کے تاجروں نے ہفتے کو کاروبار کھولنے کا اعلان کیا تھا۔ اس حوالے سے چیئرمین آل کراچی تاجر اتحاد عتیق میر نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ شہر کے تمام تجارتی مراکز مکمل طور پر کھلے رہیں گے۔ چیئرمین کراچی تاجر اتحاد عتیق میر نے کہا کہ بار بار چھٹیوں کے دن تبدیل کرنے سے ابہام پیدا ہورہا ہے۔ عتیق میر نے کہا کہ رمضان المبارک میں رات کے اوقات میں کاروبار کرنے کی اجازت دی جائے۔ اُن کا کہنا تھا کہ عید پر خرید و فروخت کے لیے تاجروں نے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کی ہے۔ کراچی چیمبر میں بر سر اقتدار گروپ بی ایم جی کے چیئرمین زبیر موتی والا اور صدر کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) شارق وہرہ نے سندھ حکومت کی جانب سے کاروباری اوقات شام 6 بجے تک محدود کرنے اور ہفتہ، اتوار تمام کاروبار بند کرنے کے فیصلے پر شدید مایوسی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا ہے کہ مزید وقت ضائع کیے بغیر مذکورہ نوٹیفیکیشن کو منسوخ کیا جائے اور رمضان المبارک میں ہر قسم کے کاروبار کو پوری صلاحیت کے ساتھ چلانے کی اجازت دی جائے بصورت دیگر لوگ کورونا وائرس سے ہونے والی بیماریوں کی وجہ سے مرنے کے بجائے غربت اور بے روزگاری کی وجہ سے خود ہی دم توڑ دیں گے۔

تازہ ترین