• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامشورو:CTD، رینجرز کا آپریشن مکمل، 5 دہشتگرد گرفتار



ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد کا کہنا ہے کہ جامشورو میں کئی روز سے جاری سی ٹی ڈی اور رینجرز کا آپریشن گزشتہ رات مکمل ہوگیا، گرفتار کیے جانے والے 5 میں سے 2 ملزمان ٹی ٹی پی حملوں کیلئے خودکش جیکٹ فراہم کرتے تھے۔

انچارج سی ٹی ڈی عمر شاہد نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ جامشورو کے قریب آپریشن میں 5دہشت گرد گرفتار کرلیے، دہشتگردوں کا سعید آباد پولیس ٹریننگ سینٹر میں خود کش حملے کا پلان تھا،انہوں نے پولیس ٹریننگ سینٹر کی ریکی کر لی تھی۔

ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد نے بتایا کہ ملزمان نے ٹریننگ سینٹر کی فوٹیج بھی بنا رکھی تھی، گرفتار دہشتگردوں میں دو خودکش حملہ آور بھی شامل ہیں اور ان سے 2 خودکش جیکٹ، پولیس یونیفارم، اسلحہ برآمد ہوا ہے۔

عمر شاہد کے مطابق دہشتگرد ٹی ٹی پی حملوں کیلئے خودکش جیکٹ فراہم کرتے تھے، یہ دہشتگرد افغانستان سے ہوتے ہوئے پاکستان آئے تھے ۔

انہوں نے بتایا کہ اس سیل پر کافی عرصے سے کام ہو رہا تھا،یہ نیشنل لیول کا پروجیکٹ تھا۔

عمر شاہد نے بتایا کہ دہشتگردوں کا یہ گروہ ملک بھر میں خودکش حملے کیلئے جیکٹ فراہم کیا کرتا تھا،گرفتار دہشت گروں میں شیراز اکبر عرف حمزہ، لیاقت علی عرف حذیفہ کے علاوہ میر ویس عرف حشام، عامر خان اور نگار علی عرف زید بھی ملزمان میں شامل ہیں۔

گرفتار دہشت عامر خان اور نگار علی خود کش بمبار ہیں،ملزمان کے قبضے سے ٹریننگ سینٹر سعید آباد کا نقشہ، موبائل فونز، سی ڈیز برآمد ہوئی ہیں۔

پریس کانفرنس میں رینجرز کے کرنل شبیر نے بتایا کہ تحقیقات میں اہم باتیں سامنے آئی ہیں،ملزمان طورخم کے راستے پاکستان آئے تھے،پولیس ٹریننگ سینٹرکی ریکی کی گئی، ریکی کی ویڈیوز بھی ملی ہیں۔

کرنل شبیر نے بتایا کہ ملزمان سے پولیس کیپس بھی ملی ہیں،گروہ کے سرغنہ شیراز اکبر سے افغانی پاسپورٹ بھی برآمد ہوا ہے،وہ کئی بار پاکستان آچکا ہے۔

تازہ ترین