• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افریقی سفاری میں پاکستانی کرکٹرز نئے شکار کیلئے تیار، ٹی ٹوئنٹی سیریز کی پریکٹس شروع

کراچی(اسٹاف رپورٹر/ جنگ نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم نے افریقی سفاری میں نئے شکار کی تیاری شروع کردی۔ ہرارے اسپورٹس کلب میں پہلے پریکٹس سیشن میں ٹی ٹوئنٹی سیریز کی تیاریوں کا آغاز کردیا۔ ٹریننگ سے قبل ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کھلاڑیوں کو لیکچر دیا جس کے بعد کھلاڑیوں نے تین گھنٹے بھرپور پریکٹس کی۔ پہلا ٹی ٹوئنٹی بدھ کو کھیلا جائے گا۔ ہوم سائیڈ سیریز سے قبل کئی بحرانوں سے نبردآزما ہے۔ زمبابوین ٹیم حال ہی میں 15 ماہ کی پابندی ختم کرکے انٹرنیشنل کرکٹ میں لوٹی ہے۔ اسے افغانستان کے خلاف حالیہ سیریز میں ٹی ٹوئنٹی میچز میں واضح شکست ہوئی تھی۔ اس کے بعد سابق کپتان اور کوچ ہیتھ اسٹریک پر میچ فکسنگ الزامات کے تحت آٹھ برس کی پابندی لگائی جاچکی ہے۔ لیکن افریقن سائیڈ یہ تمام مسائل ایک طرف رکھ کر پاکستان سے مقابلہ کرنا چاہتی ہے۔ زمبابوین بورڈ نے سیریز کیلئے اسکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ سابق کپتان اور اسٹار بیٹسمین برینڈن ٹیلر، کریگ ارون اور آل رائونڈر شین ولیمز کی واپسی ہوئی ہے۔ میزبان ٹیم ان کھلاڑیوں کی پرفارمنس پر بہت زیادہ انحصار کرے گی۔ بابر اعظم کی قیادت میں گرین شرٹس ٹیم جنوبی افریقا کو ان کے ہوم گرائونڈز میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز ہراکر پراعتماد ہے۔ کپتان بابر، فخر زمان اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان زبردست فارم میں اور رنز کے ڈھیر لگارہے ہیں۔ ان کے بیٹ نکلتے رنز کے سیلاب کو روکنا ہوم بولرز کیلئے چیلنج ہوگا۔ البتہ پاکستان کیلئے تشویش ناک بات مڈل آرڈر بیٹنگ کی غیرتسلی بخش کارکردگی ہے۔ پاکستان ٹیم انتظامیہ نے سیریز کیلئے بولنگ میں تجربات کا عندیہ دیا ہے۔ امکان ہے کہ شاہین شاہ آفریدی کو آرام دیا جائے۔ سیریز نوجوان بولرز کیلئے صلاحیتیں منوانے کا اچھا موقع ہوگا۔ دوسری جانب سابق زمبابوین ٹیسٹ کرکٹر ٹینو ماوایو کہتے ہیں کہ تجربہ کار کھلاڑیوں واپسی سے ٹیم کے حوصلے بلند ہوں گے۔بیٹنگ کے شعبے میں استحکام آئے گا، لیکن پاکستان کا مقابلہ کرنا ہے تو زمبابوے کو کھیل کے ہر شعبے میں بہترین کارکردگی دکھانا ہوگا دوسری صورت میں مہمان ٹیم چھا جائے گی۔ ماوایو نے زمبابوے کرکٹ کو درپیش حالیہ ناخوشگوار واقعات کے حوالے سے کہا کہ کسی بھی انٹرنیشنل سیریز سے قبل یہ اچھا نہیں، بہر حال کھلاڑی پروفیشنل ہیں، میں جانتا ہوں کہ ان میں کچھ کے ہیتھ اسٹریک سے ذاتی تعلقات ہیں لیکن میں سمجھتا ہوں کہ وہ ان باتوں سے دھیان ہٹاکر پوری توجہ پاکستان کے خلاف سیریز پر دیں گے۔ یاد رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اب تک 5باہمی ٹی 20سیریز کھیلی جاچکی ہیں،تمام کی تمام پاکستان کے نام رہی ہیں .قومی ٹیم نے زمبابوے میں پہلی سیریز 2011میں جیتی تھی،دونوں میچز مہمان ٹیم کے نام رہے تھے،اسی طرح آخری سیریز گزشتہ سال کے آخر میں پاکستان میں ہوئی جس میں پاکستان 0-3 سے فتحیاب ہوا تھا۔پاکستان نے زمبابوے میں 3 بار اور اپنے ملک میں 2بار کامیابی اپنے نام کی۔

تازہ ترین