• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاحتی ترقی میں بہت کام رہتا ہے حکومت پاکستان نے مایوس کیا، وزیراعظم آزاد کشمیر

اسلام آباد(جنگ نیوز) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ پانچ سالوں میں بہت مشکلات آئیں ‘مسلم لیگ ن مشکل حالات میں متحد رہی اورکابینہ اور پارلیمانی پارٹی میں سے کسی ایک نے بھی ساتھ نہیں چھوڑا ہمارا مقابلہ آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی سے ہے ۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہمارے پانچ سالوں کے دوران کرپشن کا ایک اسکینڈل سامنے نہیں آیا ، میں اور میرے ساتھیوں نے شفافیت لائی ۔ اب پٹواری کی گارنٹی نہیں دے سکتا کہ اس نے پیسے لیے یا نہیں ۔ سیاحتی ترقی میں بہت سارا کام رہتا ہے ‘ اس میں حکومت پاکستان نے ہمیں مایوس کیا ۔پی ٹی آئی سیاسی جماعت کم اور انجمن ستائش باہمی زیادہ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کشمیر کے حوالے سے نواز شریف نے ہمیشہ سرپرستی کی ‘ہمارے دیرینہ مسائل نواز شریف کی مہربانی سے حل ہوئے ،ہم نے ترقیاتی بجٹ دوگنا کروایا ۔ انہوں نے کہا کہ پانچ سال میں آزادکشمیربدلاہوا ہے ‘ تمام شاہرائیں بنی ہوئی ہیں ‘ مالیاتی مسائل نہیں ہیں‘ہم نے مالیاتی خود مختاری حاصل کی اور ڈرافٹ کا خاتمہ کیا انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی پاکستان میں کارکردگی اور آزادکشمیر کے اندر اختلافات کی بدولت مسلم لیگ ن اس وقت آزاد کشمیر کی سب سے بڑی جماعت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ ن کے دور کامقابلہ ماضی کے کسی دور سے نہیں کیا جاسکتا۔

تازہ ترین