• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نے 12 روز کی مہلت مانگی ،17 دن گزر گئے، علامہ احمد اقبال

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر) جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز کے رہنما علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ جبری لاپتا افراد کی بازیابی کیلئے پہلے مرحلے میں کراچی میں رہائش پذیر وفاقی وزراء کے گھروں کے باہر احتجاج کریں گے، حکومت نے ہم سے بارہ روز کی مہلت مانگی تھی لیکن اب سترہ دن گزر گئے ہیں،21رمضان کو یوم علی ؑ کے جلوس میں منظم احتجاج کیا جائے گا،جمعہ، ہفتہ، اتوار کو پر امن علامتی دھرنے دیں گے، لاپتا افراد کے بچوں کے ہمراہ ملت جعفریہ کے بچے گورنر ہاؤس کے باہر احتجاج کریں گے، یہ بات انہوں نے کراچی میں مزار قائد کے باہر شیعہ مسنگ پرسنز کی بازیابی کیلئے جاری احتجاجی دھرنے میں سترہویں روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ان کے ہمراہ، شیعہ علماء کونسل کے رہنما علامہ کامران عابدی، ہیئت آئمہ مساجد و علمائے امامیہ کے رہنما علامہ صادق رضا تقوی،زاکرین امامیہ کے علامہ سبط حیدر، مجلس وحدت مسلمین کے رہنما علامہ صادق جعفری، علامہ دوست علی سعیدی، علامہ حیدر عباس عابدی، علامہ عقیل موسیٰ، علامہ مبشر حسن سمیت لاپتہ افراد کے اہل خانہ بھی موجود تھے، علامہ احمد اقبال رضوی کا کہنا تھا کہ ریاست مدینہ میں لوگ اپنے پیاروں کی رہائی کی بھیک مانگ رہے ہیں، عدلیہ ہر روز ریاستی اداروں سے مسنگ پرسنز کی بازیابی کا مطالبہ کر رہی ہے، جب تک ہمارے لاپتہ افراد کو رہا نہیں کیا جاتا ہم دھرنہ جاری رکھیں گے، صدر و وزیر اعظم بتائیں لاپتا افراد کہاں ہیں، لاپتا افراد کو بازیاب کرانے کی ذمہ داری صدر پاکستان اور وزیراعظم پر ہے ۔

تازہ ترین