کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“میں میزبان علینہ فاروق شیخ کے سوال قومی اسمبلی میں فرانسیسی سفیر کو نکالنے کے حوالے سے قرارداد پیش، کیا کالعدم تحریک لبیک کا معاملہ مستقل طور پر حل ہوجائے گا؟ کا جواب دیتے ہوئے تجزیہ کاروں نے کہا کہ حکومت نے تحریک لبیک کے ساتھ اپنا وعدہ پورا نہیں کیا ہے،مسلم ممالک کو کسی نکتے پر متفق کرنے کا خواب صدیوں پہلے منتشر ہوچکا ہے۔ارشاد بھٹی نے کہا کہ حکومت کو اسمبلی میں قرارداد منظور کرنی اور باقی اقدامات لینے تھے تو پھر سرکاری و نجی املاک ، گاڑیوں اور قیمتی انسانی جانوں کے زیاں کا حساب کون دے گا، پانچ شہید پولیس اہلکار اور جن لوگوں کی گاڑیاں اور جائیدادیں جلیں کیا وہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے محبت نہیں کرتے تھے،حکومت اس معاملہ میں کنفیوژن، نالائق اور نااہل نکلی، جب ضرورت پڑی تو حکومت اور حکومتی رِٹ غائب تھی، نیوکلیئر طاقت والا ملک کمزور نکلا ہے، عمران خان اور شیخ رشید اپوزیشن میں جس طرح کے نعرے مارتے تھے آج انہیں پتا لگ گیا ہوگا۔ مظہر عباس کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے اسپیکر قومی اسمبلی کے خلاف جو زبان استعمال کی اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، اسپیکر کو انہیں سارجنٹ اینڈ آرمز کے ذریعہ باہر نکال دینا چاہئے تھا، ن لیگ کے لوگوں کو بھی ان کے رویے پر مذمت کرنی چاہئے تھی۔