• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاجر برادری ایس او پیز پر عمل درآمد کر رہی ہے ٗرشید پراچہ

پشاور( جنگ نیوز) بزنس مین پینل پاکستان کے صوبائی نائب صدر وسابق صدر کوہاٹ چیمبرآف کامرس رشیدپراچہ نے کہاہے کہ خیبرپختونخوا کے جنوبی اضلاع میں اتوار کی بجائے تاجربرادری جمعہ کو ہفتہ وار چھٹی کرتے ہیں تاہم حکومت نے کوروناوباء کی وجہ سے کاروباری اوقات محدود کرکے ہفتہ، اتوار تمام کاروبار بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس پر تاجربرادری کو شدید تحفظات ہیں اور حکومت مزید وقت ضائع کئے بغیر مذکورہ نوٹیفیکیشن کو منسوخ کرکے رمضان المبارک میں ہر قسم کے کاروبارکو کھولنے کی اجازت دے بصورت دیگر لوگ کورونا وائرس سے مرنے کے بجائے غربت اور بے روزگاری کی وجہ سے خود ہی دم توڑ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کوتمام چیمبرز کی طرف سے خطوط کے ذریعے آگاہ کیا گیا لیکن حکومت ٹھس سے مس نہیں ہورہی ہے چونکہ یہ کاروبارکے عروج کا سیزن ہے اور اگر تاجربرادری لگاتار تین دن کاروباری سرگرمیاں معطل کرکے کاروباری اوقات کار کو محدود کرنے پر مجبور کیا گیا تو اگلے سال تاجربرادری کے لیے ٹیکس دینا مشکل ہوجائے گا۔انہوں نے کہاکہ کاروباری اداروں کو لگاتار دو دن تک بند رکھنا اور انہیں ہفتے کے باقی دنوں میں محدود اوقات کار کیساتھ کام کرنے پر مجبور کرنے کے نتیجے میں بہت سارے کاروباری دیوالیہ ہوگئے جس سے بڑے پیمانے پر بے روزگاری اور انتشار پھیلے گا۔جنوبی اضلاع کی تمام مارکیٹوں سے تعلق رکھنے والے دکانداروں کی جانب سے بے پناہ شکایات موصول ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیاہے کہ حکومت ممکنہ حل نکالے تاکہ کورونا کے وبائی مرض سے لوگوں کو بھی بچایا جاسکے اورغریب دکانداروں، چھوٹے تاجروں کو بھی کوئی نقصان نہ پہنچے جو مزیدصدمہ برداشت نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہاکہ تاجر برادری دکانوں کو بند کرنے کے برعکس تمام ایس او پیز پر پوری طرح عمل کرنے کیلئے تیار ہیں اور یہ کٹھن وقت ہے جس میں سول سوسائٹی کا ہر ایک فرد کورونا بحران کے باعث مسائل سے دوچار ہے لیکن کاروبار کی روز بروز خراب صورتحال کو دور کرنا ہوگا، کاروبار کی دو دن ہفتہ اتوار اور جمعہ ہفتہ واربندش سے کاروباری اوقات کارمحدود ہونے کی وجہ سے افراتفری کی صورتحال پیدا ہو گی امید کی جاتی ہے کہ حکومت اس سنگین مسئلے پر غور کرے گی اور کاروبار و معیشت کو مزید تباہی سے بچانے کے اقدامات کریگی۔
تازہ ترین