• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناموس رسالت پر مشترکہ قرارداد، ن لیگ نے حکومت سے تفصیلات مانگ لیں

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) ناموس رسالت پر مشترکہ قرارداد، ن لیگ نے حکومت سےتفصیلات مانگ لیں، مرتضٰی جاوید نے وزیر مملکت علی محمد کے نام خط میں کہا کہ مشترکہ قرار داد تیار کی جارہی ہے جو عوامی خواہشات کی عکاسی کریگی، تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں مسلم لیگ(ن) کی پارلیمانی پارٹی کے چیف وہپ مرتضٰی جاوید عباسی نے وزیر مملکت پارلیمانی امور علی محمد خان کے نام خط میں اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) تحفظ ناموس رسالت پر پختہ ایمان رکھتی ہے، ایک ایسی مشترکہ قرار داد تیار کی جارہی ہے جو ایوان کے فیصلے کی روشنی میں عوام کی خواہشات اور مرضی کی عکاسی کرے گی ، مشترکہ قرار داد کی تیاری کے سلسلے میں کچھ وضاحتیں اور معلومات درکار ہیں جو فوری بنیادوں پر فراہم کی جائیں ۔خط میں استفسار کی گیا ہے کہ کیا اس کا مطلب ہے کہ حکومت اس معاملے پر مزید کسی قسم کی کارروائی کا حصہ نہیں بننا چاہتی ؟ ایوان کو بتایا گیا کہ قرار داد ایک تنظیم سے معاہدے پر پیش کی گئی جسے حال ہی میں حکومت کالعدم قرار دے چکی ہے ، حکومت کی جانب سے تمام معاہدوں کی کاپیاں مہیا کی جائیں ۔وزیر اعظم نے 19 اپریل کو قوم سے خطاب کیا ، کیا ان کے نکتہ نظر کو اس معاملے پر حکومت کا پالیسی بیان تصور کیا جائے ؟ اگر ایسا ہے تو ایوان میں قرار داد پیش کرنے کا مقصد کیا تھا ،کیونکہ یہ وزیر اعظم کے بیانات سے متصادم ہے ۔ قرار داد میں کہا گیا بین الاقوامی تعلقات کا تعین کرنا صرف ریاست کا کام ہے، وزیر اعظم ، وزیر خارجہ ، وزیر داخلہ اور ڈی جی آئی ایس آئی فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے سے متعلق ایوان میں بحث کے لئے لائی جانے والی قرار داد کے معاملے پر ریاستی پالیسی بارے ایوان میں بریف کریں ۔ گزشتہ 10 روز میں پیش آنے والے واقعات کے تناظر میں امن و امان کی صورت حال بارے حقائق جاننے کے لئے کیا کوئی تحقیقات شروع کی گئی ہیں، قیمتی جانوں کے ضیاع پر کسی کو ذمہ دار ٹھہرایا گیا ؟ قائد ایوان تحفظ ناموس رسالت کے معاملے پر ایوان میں بحث کے آغاز کے لئے کب دستیاب ہوں گے اور اس معاملے پر اپنی حکومت کی پالیسی پیش کریں گے ؟ خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ اس حوالے سے معلومات جلد از جلد فراہم کی جائیں۔

تازہ ترین