• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سزا سننے کے بعد احاطہ عدالت سے فرار ہونے والا ملزم گرفتار

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) ڈیوٹی جج ایف آئی اے کورٹ راولپنڈی سہیل ناصر نے باہر بھجوانے کا جھانسہ دیکر رقم بٹورنے والے ایک ملزم کو سزا دوسرے کو جرم ثابت نہ ہونے پر بری کر دیا۔عدالتی فیصلہ سننے کے بعد حراست سے فرار ہونے والے ملزم کو مزاحمت کے بعد دوباہ گرفتار کرنے پر عدالت نے ریلوے پولیس کے ملازمین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے باقاعدہ تعریفی اسناد دیں۔ ایف آئی اے نے واجد رحمان نامی شخص کو سترہ لاکھ روپے کے عوض کینیڈا بھجوانے کا جھانسہ دیکر رقم اور پاسپورٹ لینے والے تنویر احمد اور محمد جمشید اقبال کیخلاف سات اگست 2019کو مقدمہ درج کیا تھا ، دونوں ملزم ضمانت پر تھے، جرم ثابت ہونے پر گزشتہ روز عدالت نے جمشید کو بری کرنے کا حکم دیتے ہوئے تنویر احمد کو امیگریشن آرڈیننس کی دفعہ اٹھارہ اور بائیس میں پانچ پانچ سال قید اور ایک ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی تو ملزم کو حراست میں لے لیا گیاجو باہر نکلتے ہی مزاحمت کر کے فرار ہوگیا۔عدالت میں موجود ریلوے کے انسپکٹر لیگل نفیس الدین خان نے ریلوے کے نیب کورٹ کے ساتھ فرار ہونے والے ملزم کا پیچھا کیا اوردوبارہ گرفتار کر کے عدالت لے آیا، وہاں بھی ملزم کا رویہ انتہائی جارحانہ تھا تاہم پولیس نے فوری ہتھکڑیاں لگا کر اسے جیل بھجوا دیا، عدالت نے ریلوے کے انسپکٹر لیگل اور نیب کورٹ کو شاباش دیتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا اور دونوں کو فرض شناسی پر فوری طور پر تعریفی اسناد دیں۔
تازہ ترین