• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بالی ووڈ موسیقار شرون راٹھور کی آخری رسومات میں اہلیہ اور بیٹا شریک نہیں ہونگے؟

گزشتہ روز عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث اس دُنیا سے کوچ کرجانے والے  معروف موسیقار شرون راٹھور کی آخری رسومات میں اُن کی اہلیہ اور بڑا بیٹا شرکت نہیں کریں گے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق موسیقار شرون راٹھور کی اہلیہ اور بڑا بیٹا بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہیں اور اس وقت وہ اندھیری کے ایک اسپتال میں زیرِ علاج ہیں جس کی وجہ سے اُنہیں موسیقار کی آخری رسومات میں شرکت کرنے کی اجازت نہیں۔

اس حوالے سے بالی ووڈ نغمہ نگار سمیر انجان نے بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’اس سے بڑا دُکھ اور کیا ہوسکتا ہے کہ آپ اپنے پیارے کے آخری وقت اور آخری رسومات میں اُس کے ساتھ نہ ہو۔‘

واضح رہے کہ بالی ووڈ موسیقار شرون راٹھور کے بیٹے نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ اُن کے والد نے گزشتہ رات یعنی جمعرات کو رات 10 بجکر 15 منٹ پر اپنی زندگی کی آخری سانس لی۔

گزشتہ دنوں شرون راٹھور کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا تھا جس کے بعد اُن کی طبیعت بگڑنے پر اُنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا تھا جہاں اُن کی حالت تشویشناک بتائی جارہی تھی۔

خیال رہے کہ شرون راٹھور نے معروف فلم عاشقی، ساجن، دل ہے کہ مانتا نہیں، سڑک سمیت متعدد فلموں میں موسیقاری کے فرائض سرانجام دیے ہیں۔

ندیم اختر سیفی کے ساتھ شراکت داری میں شرون راٹھور، 1990 کے عشرے میں متعدد ہٹ فلموں کی موسیقی ترتیب دے چکے ہیں، جس میں عاشقی، ساجن، صرف تم اور دل والے شامل ہیں۔

تازہ ترین