• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضیاءکی گود سے سیاست شروع کرنیوالے نظام کو اچھا کہتے ہیں، فرخ حبیب


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ’’آپس کی بات‘‘ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہاہے کہ ضیاء الحق کی گود سے سیاست شروع کرنے والے تین بار وزیراعظم بننے والے اس نظام کو اچھا کہتے ہیں،ن لیگ کے رہنما ملک احمد نے کہا کہ موجودہ حکومت خود ہی ایک الیکٹرول فراڈ کے باعث حکومت میں بیٹھی ہوئی ہے ، رہنما پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر پلوشہ خان نے کہاکہ پی ڈی ایم ٹوٹنے کا حکومت کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا، اپریل میں مہنگائی بڑھ کر 11.1 فیصد ہوگئی ہے مارچ 2020 کے بعد پہلی بار مہنگائی ڈبل ڈیجٹ میں داخل ہوئی ہے ۔ پلوشہ خان کا کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں خوفناک وبا کا زور ہے اور ہمارے پاس ویکسین بھی دستیاب نہیں ہے اور جو ویکسین ہمارے پاس ہے وہ ہمیں خیرات میں ملی ہوئی ہے ۔ اس وقت ضرورت ہے کہ ملک میں اشیائے خورد و نوش پر جو مہنگائی ہے وہ کم ہو ہمیں انتخابی اصلاحات یا الیکٹرانک ووٹنگ کی ضرورت نہیں ہے ۔ رہنما مسلم لیگ ن ملک احمد خان نے کہاکہ اس وقت جب ایمرجنسی کی سی صورتحال ہے پڑوسی ممالک میں لاشوں کے انبار لگ رہے ہیں ایسے موقع پر ہماری حکومت کی ترجیح اور فوکس اس وبا کے حوالے سے ہونا چاہئے نا کہ الیکشن اصلاحات اور الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم پر ہونا چاہئے ۔موجودہ حکومت خود ہی ایک الیکٹرول فراڈ کے باعث حکومت میں بیٹھی ہوئی ہے ۔یہ جو اصلاحات چاہتے ہیں اس میں بدنیتی کا عنصر نظر آتا ہے کیونکہ اگر ان کو یہ کرنا تھا تو پہلے کیا ہوتا اور اس حوالے سے تمام جماعتوں سے مشاورت اسی وقت کرلینا چاہئے تھی ۔ پی ٹی آئی حکومت چاہ رہی ہے کہ جس طرح سے آرٹی ایس کی بنیاد پر ان کا سلسلہ چلا اسی طرح سے یہ الیکٹرونک ووٹنگ سسٹم لاکر دھاندلی کا کوئی نیا نظام ڈال دیں ۔

تازہ ترین