• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین نیب پھر پیش نہ ہوئے، پی اے سی کا سمن کر کے طلب کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد (نمائندہ جنگ/آن لائن) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال ایک بار پھر پبلک اکائونٹس کمیٹی میں پیش نہ ہوئے جس پر کمیٹی نے اپنے اختیارات کے تحت انہیں سمن کے ذریعے طلب کرنیکا فیصلہ کیا ہے،کمیٹی اراکین کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب پارلیمانی کمیٹی کو مسلسل نظر انداز کررہے ہیں جو قطعی قابل قبول نہیں ،انہیں ہر حال میں کمیٹی میں پیش ہونا پڑیگا، کمیٹی کا اجلاس چیئرمین رانا تنویر حسین کی زیر صدارت ہوا،پی اے سی ذیلی کمیٹی کے کنوینر نور عالم خان نے شکوہ کیا کہ انہوں نے ذیلی کمیٹی میں چیئرمین نیب کو پیش ہونے کا کہا تو سپیکرقومی اسمبلی نے مجھے بتائے بغیر کمیٹی اجلاس ملتوی کرا دیا، چیئرمین نیب ذیلی کمیٹی میں پیش نہیں ہونا چاہتے، جب سپیکر کو اس معاملے سے آگاہ کیا تو انہوں نے رسپانس نہیں دیا، ہمارے کسٹوڈین اگر ہمیں تحفظ نہیں فراہم کرینگے تو کون کریگا، تحقیقات ہونی چاہئے کہ سپیکر نے کس کے کہنے پر کمیٹی اجلاس ملتوی کیا، سیکرٹری قومی اسمبلی کو کمیٹی اجلاس کیلئے خط لکھا لیکن وہ لیت ولعل سے کام لے رہے، اگر اس طرح احتساب کی دھجیاں اڑانی ہیں تو کنوینر شپ چھوڑ دیتا ہوں، روحیل اصغر نے کہا کہ اگر چیئرمین نیب اجلاس میں نہیں آتے تو کمیٹی کے پاس لامحدود اختیارات موجود ہیں انہیں استعمال کرے،ان اختیارات کے استعمال سے چیئرمین نیب کو شرمندگی ہوگی اور اجلاس میں بھی شرکت کرینگے۔

تازہ ترین