• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز کو بیرون ملک جانے کی اجازت، 8مئی سے 3جولائی تک ایک بار علاج کیلئے جاسکتے ہیں، لاہور ہائیکورٹ

شہباز کو بیرون ملک جانے کی اجازت


لاہور (نمائندہ جنگ، ایجنسیاں) لاہور ہائیکورٹ نے شہباز شریف کو 8؍مئی سے 3 ؍ جولائی تک بیرون ملک جانے کی اجازت دیدی۔ لاہور ہائیکورٹ کے 6 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں شامل نہیں، نام بلیک لسٹ میں شامل ہے تو بھی علاج کیلئے برطانیہ جانے سے نہیں روکا جائیگا۔ 

فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف کو علاج کیلئے ایک بار 8 مئی سے 3 جولائی تک برطانیہ جانے کی اجازت دی جارہی ہے۔ عدالت نے شہباز شریف کی درخواست پر فریقین کو 5 جولائی کیلئے نوٹس بھی جاری کر دیئے ہیں۔

شہباز شریف نے عدالت کو بتایا کہ پاکستانی شہری ہوں، علاج کیلئے بیرون ملک جانا میرا حق ہے، کینسر کا مریض رہا ہوں، مجھے سال میں دو مرتبہ چیک اپ کروانا پڑتا ہے، پہلے بھی باہر جا کر خود واپس آیا تھا۔ جبکہ سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ شہباز شریف منی لانڈرنگ کیس کے ملزم ہیں، باہر جانے سے عدالتی کارروائی متاثر ہوگی،اگر ایمرجنسی نہیں تو سماعت عید کے بعد تک کیلئے ملتوی کی جائے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے شہباز شریف کی درخواست پر سماعت کی اور بلیک لسٹ نے نام نکالنے کی درخواست پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا یا۔ 

قبل ازیں لاہور ہائی کورٹ آفس نے شہباز شریف کا نام بلیک لسٹ سے نکلوانے کیلئے درخواست پر اعتراض لگا یا اعتراض میں کہا گیا ہے کہ بلیک لسٹ میں نام شامل کرنے کا نوٹیفیکیشن ساتھ نہیں لگایا گیا جس پر وکیل شہباز شریف نے کہا کہ بلیک لسٹ کا قانون بھی ہمیں میسر نہیں ہے۔ 

فاضل عدالت نے آفس کو کیس پر نمبر لگانے کی ہدایت کر دی نمبر لگنے کے بعد آفس اعتراض کا فیصلہ پٹیشن کے ساتھ کرینگے۔ شہباز شریف کے وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ 20 مئی کو ڈاکٹر مارٹن سے شہباز شریف کے چیک اپ کی تاریخ لی گئی ہے علاج کیلئے شہباز شریف کو برطانیہ جانا ہے۔ 

کورونا کی وجہ سے اس وقت فلائٹس کا بھی بڑا مسئلہ ہے شہباز شریف کو آشیانہ اور رمضان شوگر ملز کیس میں گرفتار کیا گیا دونوں میں ہائی کورٹ نے ضمانت دی وفاقی حکومت نے 2019 میں شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا، ہائی کورٹ نے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم کالعدم قرار دیا۔

اب شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈال دیا شہباز شریف نے علاج کیلئے ملک سے باہر جانا ہے کل کی فلائٹ کی بکنگ ہو چکی ہے۔ سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ متعلقہ حکام سے ہی وضاحت لیکر پیش کی جاسکتی ہے اگر ایمرجنسی نہیں تو سماعت عید کے بعد تک کیلئے ملتوی کی جائے۔ 

فاضل عدالت نے استفسار کیا کہ یہ بتائیں کہ چیک اپ میں کیا کوئی ایمرجنسی ہے جس پر وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شہباز شریف چھ ماہ جیل میں رہے کینسر کے حوالے سے چیک اپ نہیں کروا سکے۔

برطانیہ بھی ڈائریکٹ نہیں جایا جاسکتا پہلے قطر جا کر دس دن کیلئے قرنطینہ ہونا پڑیگا، جس پر عدالت نے پوچھا کہ اسکا مطلب ہے کہ یہ ریٹرن ٹکٹ نہیں۔ عدالت کو بتایا گیا کہ چونکہ پاکستان پر ڈائریکٹ آنے جانے پر برطانیہ نے پابندی لگا رہی رکھی ہے اس لیے ریٹرن ٹکٹ نہیں۔ 

تازہ ترین