لاہور(نمائندہ خصوصی)جمعیت علماءاسلام (ف)کی اپیل پر ملک بھر میں یورپی پارلیمنٹ کی قرار داد کیخلا ف مذمتی قرار دادیں منظور کی گئیں اور یورپی قرار داد کو وطن عزیز کی دینی اور ملکی خود مختاری پرحملہ قرار دیاگیا۔ علماءنے ناموس رسالتؐ کے قانون میں تر میم کو پا کستان کے معاملات میں کھلی مداخلت قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستانی قوم دینی اور ملکی معاملات میں کسی قسم کی مداخلت قبول نہیں کریگی لاہور سمیت مختلف شہرو ں میں علماءنے یو رپی یونین کی قرار دادوں کے خلاف مذمتی قرار دادیں منظور کرائیں۔ کراچی میں خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی کے سیکرٹری جنرل مولانا عبد الغفور حیدری نے کہاکہ یورپی یونین اور امریکہ پاکستان کے معاملات میں کھلم کھلا مداخلت کر رہے ہیں ، لاہور میں جامع مسجد رحمانیہ میں خطاب میں جے یو آئی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے کہاکہ پاکستان میں ناموس رسالتؐ قانون کے تحت ہر نبی کی شان میں گستاخی جرم ہے۔جے یو آئی کے دیگر رہنماؤں مولانا محمد یوسف،مولانا فضل علی حقانی ،مفتی ابرار احمد اورحاجی شمس الرحمٰن نے بھی یورپی پارلیمنٹ کی جانب سے قرار داد کو عاشقان مصطفی کے جذبات کو مجروح کر نے کا اقدام قرار دیا۔