• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی کی شرح میں 0.50 فیصد اضافہ، آٹا، چینی، دالوں سمیت 18اشیاء کی قیمتیں بڑھ گئیں

ملتان (نمائندہ جنگ) مہنگائی کی شرح میں 0.50 فیصد اضافہ ہوا، آٹا، چینی، دالوں سمیت 18 اشیاء کی قیمتیں بڑھ گئیں،سات اشیاء کی قیمتوں میں کمی، 26 میں استحکام رہا، چکن، تازہ دودھ، دہی، ٹماٹر، خوردنی تیل اور گھی بھی مہنگا ہوگیا۔

ادارہ شماریات پاکستان نے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی، جس کے مطابق 6 مئی 2021ء کو اختتام پذیر ہونے والے ہفتہ کے دوران مہنگائی کی شرح 17.05 فیصد جبکہ گزشتہ ہفتہ کے مقابلہ میں یہ شرح 0.50 فیصد بڑھ گئی۔ 

ملک کے 17 بڑے شہروں سے 51 اشیاء کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ لیاگیا جس میں سے 18 اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ اور 7اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ26 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ 

اس ہفتہ کے دوران ملک میں چکن، تازہ دودھ، دال ماش، دال مونگ، دہی، ٹماٹر، صابن، ڈبل روٹی، چینی، مٹن، کیلا، آٹا، بیف، خوردنی تیل، خشک دودھ، ویجیٹیبل گھی، گڑ کی قیمتوں میں اضافہ جبکہ دال مسور، آلو، دال چنا، پیاز، لہسن، انڈہ (فارمی)، ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں کمی اوربیف پلیٹ، چاول باسمتی (ٹوٹا)، چاول اری6/9، ہائی سپیڈ ڈیزل، پیٹرول، ٹیلیفون کالز، واشنگ سوپ، کوکنگ آئل، گھی (کھلا)، چائےکا کپ، دال پلیٹ، آگ جلانے والی لکڑی، الیکٹرک چارجز، چاول باسمتی (ٹوٹا)، ماچس، جارجٹ، موٹا لٹھا، چائے، انرجی سیور، سگریٹ، لان (کپڑا)، نمک، سرخ مرچ (پسی ہوئی)، گندم، مٹی کا تیل، سینڈل، چپل، گیس چارجز کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

تازہ ترین