• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ کے سوا عید شاپنگ کا وقت ختم، بازار بند، 17مئی کو کھلیں گے

کراچی(جنگ نیوز)سندھ کے سوا عید شاپنگ کا وقت ختم ،بازار بند، 17مئی کو کھلیں گے،آخری دن بازاروں میں بھرپور رش ، سڑکوں پر ٹریفک جام ، خریداروں نے کورونا ایس او پیز کی دھجیاں اڑا ئیں۔

ادھر محکمہ داخلہ سندھ نے کورونا ایس اوپیز کے تحت 9سے 16مئی تک نئی پابندیاں عائد کی ہیں جس کے تحت اندرون شہر، انٹر سٹی اور بین الصوبائی ٹرانسپورٹ کل سے بند رہیں گی، نجی گاڑیوں، ٹیکسی میں نصف نشستیں خالی رکھنا ہونگی۔

ریسٹورینٹس ،بیکری،کریانہ اسٹور، دودھ،گوشت ،سبزی کی دکانیں صبح 5سے شام 7بجے تک کھلیں گی۔ تفصیلات کےمطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث 8 مئی سے لاک ڈاؤن کے پیش نظر جمعے کی شام 6بجے شاپنگ کا وقت ختم ہوگیا۔

سندھ کے علاوہ ملک بھر میں عید سے پہلے بازار کھلے رہنے کا آخری دن بھی تمام ہوگيا اور 6بجتے ہی انتظامیہ مارکیٹیں بند کرانے کیلئے متحرک ہوگئی،دن بھر بازاروں میں بھرپور رش اور سڑکوں پر ٹریفک جام رہا جبکہ خریداروں نے کورونا ایس او پیز کی خوب دھجیاں اڑا ئی،انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والوں کیلئے صورتحال سے نمٹنا مشکل رہا۔

اب ملک بھر میں مارکیٹیں اور بازار17 مئی کو کھلیں گے ،کورونا کے باعث ملک بھر میں 8 سے 16مئی تک مکمل لاک ڈاؤن رہے گا ، وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدارکا کہنا ہے کہ 8 مئی سے صوبے میں لاک ڈاؤن ہوگا، سختی نہیں کرنا چاہتے ،صرف اپنے لوگو ں کی جانوں کی حفاظت کرنا چاہتے ہیں، ایس او پیز پر عمل کرنے میں ہی صحت اور زندگیوں کا تحفظ ہے۔

کورونا پرقابو پانے کیلئے حکومتی ہدایات پر عمل شہریوں کے مفاد میں ہے، لاک ڈاؤن کا فیصلہ مشاورت سے کیاگیا اور انسانی زندگیوں کے تحفظ کیلئے لاک ڈاؤن کررہے ہیں۔

عثمان بزدار نےشہریوں سے اپیل کی کہ وہ حکومتی ہدایات پر عمل کریں، کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے ہر ضروری اقدام کریں گے، عوام ماسک پہنیں، گھروں میں رہیں اورسماجی فاصلہ اختیار کریں۔

بلوچستان حکومت نے بھی عیدالفطر کے موقع پر 8 سے 16 مئی تک صوبے میں مزید پابندیاں عائد کردیں،صوبائی محکمہ داخلہ کے اعلامیے کے مطابق عید الفطر پر 8مئی سے 16 مئی تک تمام مارکیٹس، دکانیں اور شاپنگ مالز مکمل طورپربند رہیں گے تاہم میڈیکل اسٹورز ، اسپتال، بلڈ بینک، ڈیری، سبزی اورگوشت کی دکانیں کھلی رہیں گی جب کہ چاند رات کو چاند رات بازار، جیولری، مہندی، کپڑوں کی دکانیں بھی بند رہیں گی۔محکمہ داخلہ کے مطابق 8 سے 16 مئی تک تمام تفریحی مقامات، ہوٹلز، پارکس مکمل بند رہیں گے۔

اس کے علاوہ زیارت، بولان، مولا چٹوک، ہنہ جھیل او کنڈ ملیر جانے والے تمام راستے بند رہیں گے، 8 سے 16 مئی تک بین الصوبائی اور انٹر سٹی ٹرانسپورٹ بھی بند رہے گی تاہم پرائیوٹ گاڑیاں و رکشہ 50 فیصد سیٹوں کی سہولت کے ساتھ سفر کرسکیں گے۔

ادھر محکمہ داخلہ سندھ نے کورونا ایس اوپیز کے تحت 9 سے 16 مئی تک نئی پابندیاں عائد کی ہیں جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے،نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہےکہ تمام سیاحتی تفریحی مقامات عید کی تعطیلات میں بند رہیں گے، 9 تا 16 مئی شہریوں کی نقل وحرکت محدود رہے گی اور صوبے میں تمام کاروبار، مارکیٹیں 9 تا 16مئی بند رہیں گی تاہم بنیادی اشیائے ضرورت کی دکانوں پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہےکہ نجی گاڑیوں، ٹیکسی میں نصف نشستیں خالی رکھنا ہوں گی، ریسٹورینٹس صبح 5 سےشام 7 بجے تک کھلے رہیں گے، عید بازار، چاند رات پر لگائے جانے والے تمام بازار بند ہوں گے، بیکری،کریانہ اسٹور، دودھ،گوشت سبزی کی دکانیں صبح 5 سے شام 7 بجے تک کھلی رہیں گی۔ 

ریسٹورینٹ کو صرف ہوم ڈلیوری کی اجازت ہوگی، بنیادی اشیائے ضرورت کی دکانوں پر پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا۔نوٹیفکیشن کے مطابق اندرون شہر، انٹر سٹی اور بین الصوبائی پبلک ٹرانسپورٹ 16مئی تک بند رہیں گی۔

تازہ ترین