• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی ضمیر بےحسی کی چادر میں لپٹا سو رہا ہے،شاہد آفریدی

جارحانہ بیٹنگ کی وجہ سے دنیا بھر میں مشہور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے مقبوضہ بیت المقدس میں جاری کشیدہ صورتحال پر مایوسی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی ضمیر بے حسی کی چادر میں لپٹا سو رہا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شاہد آفریدی نے لکھا کہ اُدھر مسجد اقصیٰ کی دیواریں،فرش فلسطینی خون سے اور ادھر میری آنکھیں بے بسی کے آنسوؤں سے سرخ ہیں۔ شاید مسلمانوں کا لہو اس قدر بےتوقیر ہے کہ اس پر نہ کوئی آواز اٹھے گی اور نہ مہم چلے گی۔

شاہد آفریدی نے اپنے پیغام میں مزید لکھا کہ قبلہ اوّل ہم تیری تقدیس کا قرض اتارنے سے قاصر ہیں۔

سابق کپتان کے پیغام کو ان کے اکاؤنٹ پر ہزاروں لوگوں نے پسند کیا۔

واضح رہے کہ مقبوضہ بیت المقدس میں کئی روز سے جاری کشیدگی کے بعد رمضان کی 27 ویں شب کے موقع پر بھی عبادت کرتے فلسطینیوں پر اسرائیلی فوج نے اسٹن گرنیڈز اور ربڑ کی گولیوں سے فائرنگ کی جس سے تازہ جھڑپوں میں مزید 100 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ اس سے قبل جمعے کو بھی 300 سے زائد فلسطینی جھڑپوں میں زخمی ہوگئے تھے۔

تازہ ترین