• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر پاکستان عارف علوی نے والدہ کے ہمراہ بچپن کی تصویر شیئر کردی

صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی ماؤں کے عالمی دن کے موقع پر اپنی والدہ کے ہمراہ لی گئی اپنے بچپن کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرکے جذباتی ہوگئے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ماضی کی ایک نایاب تصویر شیئر کی ہے جو اُن کے بچپن کے دنوں کی ہے۔

تصویر میں صدرِ مملکت کی والدہ کُرسی پر بیٹھی ہیں جبکہ وہ احتراماََ اُن کے قدموں میں بیٹھے ہیں۔

صدرِ مملکت نے یادگار تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میری والدہ، جو میرے رونے پر مجھے گلے لگاتیں، پریشانی میں حوصلہ بڑھاتیں، مجھے پڑھاتیں جبکہ میں کتابوں کی اہمیت سے لاعلم تھا، میں ان کی ایک جھلک کے لیے کیا کچھ نہیں کرسکتا۔‘

ڈاکٹر عارف علوی نے لکھا کہ ’اُن کی خوبصورتی اور محبت لا محدود تھی۔‘

اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’آج جب مجھے اپنی والدہ کی سب سے زیادہ ضرورت ہے تو اُنہیں بےانتہا یاد کررہا ہوں۔‘

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں ماؤں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے اُن کا عالمی دن منایا گیا۔

اس دن کو منانے کا مقصد محبت کے خالص ترین رنگ کے لیے ماں کے مقدس ترین رشتے کی عظمت و اہمیت کو اُجاگر کرنا اور ماں کے لیے عقیدت، احترام اور محبت کے جذبات کو فروغ دینا ہے۔

تازہ ترین