• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی و عالمی شوبز شخصیات کا فلسطینیوں پر صیہونی فوج کے تشدد پر غم و غصے کا اظہار

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی فوج کی جانب سے یوم القدس کے موقع پر فلسطینی افراد پر حملے اور تشدد کی جہاں امریکا سمیت مختلف ممالک کی حکومتوں نے مذمت کی ہے، وہیں پاکستانی و عالمی شوبز شخصیات نے بھی صہیونی فوج کے تشدد پر اپنے غم و غصّے کا اظہار کیا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی متعدد ویڈیوز اور تصاویر میں اسرائیلی فوج کو اسلام کے تیسرے مقدس ترین مقام مسجد الاقصیٰ کے اندر بھی جاکر نمازیوں پر فائرنگ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔فلسطینی نژاد امریکی سپر ماڈل بیلا حدید نے اپنی انسٹاگرام اسٹوریز میں صہیونی فوج کے حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ وہ ان کی بہن جی جی حدید سمیت ان کے تمام اہل خانہ اسرائیلی فوج کے حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے مزید لکھا کہ وہ اور ان کے اہل خانہ فلسطینیوں پر ہونے والے تشدد پر دکھی اور آبدیدہ ہیں۔انہوں نے ایک اور اسٹوری میں لکھا کہ بطور انسان وہ اسرائیلی فوج کی جانب سے فلسطینیوںپر کیے جانے والے حملے کے وقت فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔سینیئر برطانوی موسیقار راجر واٹرز نے بھی اسرائیلی حملے کو فلسطینیوں کی نسل کشی قرار دیا، انہوں نے ٹوئٹر پر ویڈیو جاری کرتے ہوئے صہیونی فوج کے حملے اور تشدد پر کھل کر بات کی اور کہا کہ اسرائیلی ریاست ہزاروں سال سے اپنی زمین پر مقیم لوگوں کو تشدد کے زور پر نکال رہی ہے۔برطانوی گلوکارہ دعا لیپا نے بھی اسرائیلی فوج کے تشدد کے خلاف سوشل میڈیا پر اسٹوری شیئر کی اور انہوں نے یروشلم کے علاقے شیخ جراح کو بچانے کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔مصری اداکار محمد حنیدی نے بھی اسرائیلی فوج کی جارحیت کی مذمت کی اور انہوں نے انسٹاگرام پر شیخ جراح کی حفاظت کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔پاکستانی گلوکار عاصم اظہر نے بھی فلسطینیوں پر تشدد اور حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کی کارروائیوں کو دہشت گردی قرار دیا ۔گلوکار و اداکار فرحان سعید ،فیروز خان ،اداکار حمزہ علی عباسی کی اہلیہ نیمل خاور،اداکار سمیع خان نے بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کے حملوں کو ناقابل برداشت قرار دیا۔نور بخاری نے شخصیات سمیت عام افراد کو اسرائیلی ظلم کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے کہا۔

تازہ ترین