• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان، بارودی مواد پھٹنے سے 13 شہری جاں بحق، درجنوں زخمی

کابل(این این آئی) افغانستان کے دوصوبوں زابل اورپروان میں سڑک کنارے نصب بارودی بم پھٹنے کے دو الگ الگ دھماکوں میں کم از کم 13افغان شہری جاں بحق اور 37دیگر زخمی ہوگئے زابل اور پروان میں مسافر بسیں سڑک کنارے نصب بارودی مواد سے ٹکراگئیں، 37 زخمی بھی ہوئے ،کئی کی حالت تشویشناک ہے ۔ افغان حکام نے طالبان کو واقعات کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے جبکہ طالبان سمیت کسی بھی تنظیم نے فوری طورپر ان واقعات کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ افغان میڈیا نے افغان وزارت داخلہ کے حکام اور مقامی صوبائی گورنر کے ترجمان گل اسلام سیال کے حوالے سے بتایا ہے کہ گزشتہ روز جنوبی صوبہ زابل کے ضلع شاہراہ صفا کے مسکان کیمپ کے علاقے میں ایک مسافر بس سڑک کنارے نصب بارودی بم سے ٹکراگئی جس کے باعث زوردار دھماکہ ہوا۔دھماکہ کے باعث بس میں سوار 11افغان شہری جاں بحق اور 28دیگر زخمی ہوگئے۔ افغان حکام نے طالبان کو واقعہ کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔دریں اثناء افغان صوبہ پروان کے علاقے پل متک میں بھی پیر کی صبح اسی قسم کے ایک الگ واقعہ میں سڑک کنارے نصب بارودی بم کی زدمیں ایک بس آگئی جس کے نتیجے میں2شہری جاں بحق اور 9دیگر زخمی ہوگئے۔دونوں واقعات میں جاں بحق اور زخمیوں میں خواتین اور بچے شامل بتائے جاتے ہیں۔حکام کے مطابق زخمیوں کو مقامی ہسپتالوں میں داخل کردیا گیا ہے جن میں کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔فوری طورپر کسی تنظیم نے ان واقعات کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

تازہ ترین