• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب سروسز ٹریبونل نہیں جو ملازمین کے ڈومیسائل کو چیک کریگا، صوبائی وزیر اطلاعات

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے ویکسین کی خریداری کیلئے 1.5بلین روپے مختص کیے ہیں، عید اجتماعات میں بہت احتیاط کی ضرورت ہے، وزرا اورمنتخب نمائندوں کو وزیراعلی نے اپنے علاقوں میں جانے سے روکدیا ہے، جوجہاں ہیں وہیں رہیں گے، نیب سروسز ٹریبونل نہیں جو ملازمین کے ڈومیسائل کو چیک کریگا ، صوبائی حکومت معاملے پر موقف پیش کریگی، ʼآکسیجن کی کمی کوکم کرنے کیلئے اہم اسپتالوں میں پلانٹ لگارہے ہیں، کراچی، سکھر، جامشورو اور لاڑکانہ میں پلانٹ لگائینگے۔ناصر حسین شاہ، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب اور پارلیمانی سیکریٹری برائے صحت قاسم سراج سومرو نے ٹاسک فورس اجلاس کے بعد میڈیا کو پریس بریفنگ میں ٹاسک فورس اجلاس میں ہونے والے فیصلوں سے آگاہ کیا۔ مشیر اطلاعات نے بتایا کہ ویکسین کی فی الوقت 25 ہزارکی صلاحیت ہے اور اس کوروزانہ ایک لاکھ تک کیا جائیگا۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ʼلوگ ویکسین لگوائیں، خود بھی محفوظ رہیں اپنے گھر والوں کو بھی محفوظ بنائیں۔صوبائی وزیر نے عوام سے اپیل کی کہ عید کے دنوں میں سی ویوسمیت عوام کسی تفریحی مقام کارخ نہ کریں سخت فیصلے عوام کی بھلائی کیلئے کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس عید پر چھٹیاں زیادہ دی گئی ہیں، ہمیں گزشتہ سال کی طرح نہیں کرنا، گزشتہ سال عید کے بعد زیادہ کیسز آگئے تھے۔ مشترکہ پریس کانفرنس میںنیب کے ایک خط کے حوالے سے جس کے تحت گریڈ بی ایس ایک سے بی ایس 22 تک تمام سرکاری ملازمین کے ڈومیسائل کے مقام کے بارے میں تفصیلات مانگی گئیں کے سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے بتایا کہ چیئرمین نیب کی معلومات کے بغیر یہ خط جاری کیا گیا ہے۔ نیب سروسز ٹریبونل نہیں ہے جو ملازمین کے ڈومیسائل کو چیک کریگا، عید کے فوراً بعد ہی صوبائی حکومت اس معاملے پر اپنا موقف پیش کریگی۔ مرتضی وہاب نے کہا کہ نیب صرف ایک اینٹی کرپشن ادارہ ہے اور اس کا تقرریوں، خدمات سے ہٹانے اور اس طرح کے دیگر معاملات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔ نیب نے یہ خط لکھ کر اپنی حدود کو تجاوز کیا ہے اور ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔ بحریہ ٹائون کے بارے میں بات کرتے ہوئے سید ناصر شاہ نے کہا کہ صوبائی حکومت نے اسسٹنٹ کمشنر، مختیارکار اور ایس ایچ او کو ہٹا کر سخت کارروائی کی ہے۔ مقامی لوگوں کی شکایت پر پولیس نے بحریہ ٹائون کے متعلقہ عہدیداروں کیخلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت قاسم سراج سومرو نے کہا کہ محکمہ صحت ویکسین لگا رہا ہے تاکہ صوبے میں بڑے پیمانے پر ویکسینیشن مہم شروع کی جاسکے۔

تازہ ترین