• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

والد سے بہت پیار ہے لیکن فادرز ڈے پر اچھا محسوس نہیں کرتی، ہانیہ عامر

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک)اداکارہ ہانیہ عامر نے ایک ویڈیو میں انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنے والد کے ساتھ بات چیت نہیں کرتیں۔ماؤں کے عالمی دن کے موقع پراس حوالے سے انسٹاگرام پرشیئرکی جانے والی ایک ویڈیو میں ہانیہ نے بتایا کہ میرے والد حیات ہیں ، صحتمند ہیں لیکن بعض ذاتی وجوہات کی بناء پر ہم ایک دوسرے سے رابطے میں نہیں رہتے۔اداکارہ نے اپنے فالوورز کو مدرز ڈے کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہیں لگتا ہے کہ بعض افراد کے اپنی ماؤں کے ساتھ پیچیدہ تعلقات ہوتے ہیں اور مدرز ڈے کے حوالے سے کی جانے والی پوسٹس انہیں پریشان کرسکتی ہیں۔ہانیہ نے اعتراف کیا کہ وہ اپنے والد کے حوالے سے بھی ایسا ہی محسوس کرتی ہیں۔والد کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ہانیہ نے مزید کہاکہ میں ان سے بہت پیار کرتی ہوں اور تصور بھی نہیں کرسکتی کہ وہ اس دنیا میں نہ ہوں، لیکن میں فادرز ڈے پر اچھا محسوس نہیں کرتی ۔ اور لوگوں کے اپنے والدین کے ساتھ تعلقات ٹھیک نہ ہوں تو ایسا محسوس کرنا صحیح ہے۔یہ پہلا موقع ہے جب ہانیہ عامر نے اپنے مداحوں کے ساتھ کوئی ذاتی بات شیئر کی ہے، اس پوسٹ پرکیے جانے والے تبصروں میں بیشتر افراد نے ہانیہ کی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے یہ ویڈیو بار بار دیکھی۔ہانیہ اس عید پر شازیہ وجاہت کی ٹیلی فلم دل کے چور کے ساتھ اسکرین پر آنے والی ہے جس میں معروف مخالف اداکار مومن ثاقب ہیں۔

تازہ ترین